آصف زرداری کیخلاف کیس دوبارہ کھولنے کا اشارہ مل گیا

December 6, 2018 11:09 am0 commentsViews: 8

سابق صدر کی سوئس بینکوں میں رقم 72 ملین ڈالرز ہے، نواز شریف کیخلاف وی وی آئی پی طیارے کے غلط استعمال کا ریفرنس دائر کیا جائے گا، شہزاد اکبر
4 سے 6 ہفتوں میں پاکستانیوں کے اکاؤنٹس کی تفصیلات سوئس حکام سے مل جائیں گی، برٹش اور جرمنی سے بھی معاہدے کی کوشش جاری ہے، پریس بریفنگ
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ سوئٹزرلینڈ سے بینک اکاؤنٹس کی معلومات کا معاہدہ ہوگیا، آصف زرداری کا کیس دوبارہ کھولا جاسکتاہے جبکہ نواز شریف کے خلاف وی وی آئی پی طیارے کے غلط استعمال کا ریفرنس دائر کیا جائے گا۔ سوئٹزرلینڈ نے پاکستان کے ساتھ معاہدے کی توثیق کردی ہے جس کے تحت حکومت پاکستان کو سوئس بینکوں کی تفصیلات حاصل ہو سکیں گی۔ معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ نوازشریف کے خلاف قومی خزانے کے 25 کروڑ روپے ذاتی دوروں پر خرچ کرنے پر ریفرنس دائر کیاجائے گا۔ اسلام آباد میں نیوز بریفنگ کے دوران شہزاد اکبر نے بتایا کہ سوئٹزرلینڈ کے ساتھ معاہدہ سائن کرنے میں پانچ سے چھ سال ضائع کیے گئے تاہم سوئس حکام سے پرانی معلومات حاصل کرنے کی بھی کوشش کر رہے ہیں۔ شہزاد اکبر نے کہاکہ چار سے چھ ہفتوں میں پاکستانیوں کے اکاؤنٹس کی تفصیلات سوئس حکام سے مل جائیں گی۔ برٹش ورجن آئی لینڈ اور جرمنی سے بھی معاہدے کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سابق صدر آصف زرداری کی سوئس بینکوں میں رقم ساٹھ ملین ڈالرز سے بڑھ کر 72 ملین ڈالرز ہو چکی تھی۔ اومنی کیس میں جے آئی ٹی رپورٹ آنے کے بعد رقم کی واپسی کے لیے سوئس بینکوں کے دروازے دوبارہ کھٹکھٹائے جاسکتے ہیں۔