زرداری کو جیل نظر آئے تو سندھی پگڑی پہن لیتے ہیں ٗ شیخ رشید

December 6, 2018 11:09 am0 commentsViews: 4

سابق صدر کے تین اسٹائل ہیں
صدر بنتے ہیں تو تھری پیس سوٹ اسپتال جائیں تو لاٹھی کے ہمراہ نظر آتے ہیں
ریلوے میں معاشی انقلاب آنے والا ہے ٗ منافع 10ارب تک لے جائیں گے
راولپنڈی (آن لائن) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، تاہم وزیراعظم ہونے کے ناطے عمران خان جب چاہیں انتخابات کروا دیں۔ آصف زرداری کو جب جیل نظر آتی ہے تو سندھی پگڑی پہن لیتے ہیں، سابق صدر کے تین اسٹائل ہیں صدر بنتے ہیں تو گھروں میں سوٹ پہنتے ہیں، اسپتال جائیں تو ہاتھ میں لاٹھی لے لیتے ہیں اور جیل جانا نظر آئے تو سندھی پگڑی پہن لیتے ہیں یعنی انہیں نظر آرہا ہے کہ وہ اب جیل جانے والے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ لاہور اورکراچی میں ریلوے اسپتالوں کی نجکاری کی جائے گی، 25 دسمبر کے بعد ریلوے میں معاشی انقلاب آنے والا ہے، منافع کی شرح 10 ارب تک لے جائیں گے، کراچی سے راولپنڈی 1700 کلومیٹر نیا ٹریک بچھائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے اسپتال راولپنڈی میں ایمرجنسی وارڈ کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ 100 ٹرینوں کے کرائے نہیں بڑھائے گئے، 10 ٹرینیں کسی اضافی فنڈ کے بغیر چلائی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران جہاں ڈیوٹی لگائے گا وہیں کھیلیں گے، بچے ٹریک پر کرکٹ کھیلنا چھوڑ دیں آنے والے وقت میں ہر 10 منٹ بعد ٹریک مصروف ہوگا۔