بغدادی میں غفار ذکری کے کا رندوں کا نمازیوں پر حملہ فائرنگ، ڈکیتی مزاحمت پر پولیس اہلکار سمیت 4 زخمی

December 6, 2018 11:26 am0 commentsViews: 11

کورنگی کراسنگ بھٹائی کالونی کے قریب لوٹ مار کرنے والے ڈاکو کو گرفتار کرلیا، 2 ساتھی فرار ہوگئے، پولیس
گلستان جوہر بلاک 14 میں اپنی رائفل سے اتفاقیہ گولی چلنے سے نجی سیکورٹی کمپنی کا گارڈ زخمی ہوگیا
کراچی(کرائم رپورٹر) بغدادی تھانے کی حدود لیاری احمد شاہ بخاری روڈ نزد انگارہ مسجد کے قریب گینگ وار کارندوں نے مسجد سے نماز پڑھ کر نکلنے والے48سالہ شاہد بلوچ ولد غلام مصطفی پر اندھا دھند فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے،زخمی کو علاج معالجے کیلئے سول اسپتال پہنچایا گیا، جبکہ پولیس نے موقع پرپہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا اور جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے دو خول اپنی تحویل میں کرلئے، ایس ایچ او شعودبنگش نے بتایا کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے، جبکہ مضروب سابقہ پولیس اہلکار ہے، جو اسی علاقے کا رہائشی ہے،جبکہ اس کی حالت تشویشناک ہے، پولیس کے مطابق فائرنگ گینگ وار غفار ذکری کے کارندوں نے کی اور موقع سے فرار ہوگئے، تاہم پولیس واقعے کی مزید تفتیش کررہی ہے۔ حیدری کے علاقے کورنگی کراسنگ بھٹائی کالونی کے قریب ڈاکووں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر2افراد26سالہ منظور احمد اور40سالہ ارشاد علی کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا ، واردات کے بعد فرار ہونے والے ایک ڈاکو محمد ریاض کو پولیس نے گرفتار کرلیا جبکہ اس کے دیگر2ساتھی فرار ہوگئے۔گلستان جو ہر کے علاقے بلاک نمبر 14میں اپنی رائفل سے اتفاقیہ گولی چلنے سے نجی سیکورٹی کمپنی کا گارڈ25 سالہ زین زخمی ہو گیا۔

ایئر پورٹ سے بنگلہ دیشی گرفتار‘ نشہ آور ادویات برآمد
کراچی (کرائم رپورٹر) اینٹی نارکوٹکس فورس کے عملے نے جناح ائیر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے سری لنکا سے آنے والے بنگلہ دیشی باشندے کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے نشہ آور ادویات برآمد کرلیں۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس کے عملے نے خفیہ اطلاع پر جناح انٹر نیشنل ائیر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم سری لنکا کے شہر کولمبو سے کراچی آیا تھا، گرفتار ملزم محمد عالمگیر بنگلہ دیشی باشندہ ہے، ملزم کے قبضے سے بھاری مقدار میں نشہ آور گولیاں برآمد کی گئی ہیں، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اس سے مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔

منگھو پیر میں دستی بم حملے کا مقدمہ درج نہ ہوسکا
کراچی(کرائم رپورٹر)منگھو پیر میں گزشتہ روز پلاٹ کے تنازعے پر دستی بم حملے کا مقدمہ تاحال درج نہیں ہو سکا پولیس شواہد کی رپورٹ بم ڈسپوزل اسکواڈ سے ملنے پر مقدمہ درج کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق منگوپیر میں گزشتہ روز دیسی ساختہ دستی بم حملے کا مقدمہ تاحال درج نہیں ہوسکا، پولیس حکام کے مطابق ابتدائی طور پر لگتا ہے دیسی ساختہ بم ڈبے میں آتشگیر مادہ ڈال کربنایا گیا تھا شواہد کی رپورٹ بم ڈسپوزل اسکواڈ سے ملنے پر مقدمہ درج کرینگے،واقعہ پلاٹ کے تنازعے کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے،ہاشم اور حمیدہ خاتون کا پلاٹ پر تنازعہ چل رہاہے معاملہ کورٹ میں ہے، دیسی ساختہ دستی بم سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا بم پھینکنے کا مقصد خوف و ہراس پھیلانا تھا۔

گھروں میں ڈکیتیاں کرنیوالے میاں بیوی گرفتار
گرفتار ملزم راحیل عرف چاند کی بیوی بشری عرف پنکی نرس ہے اور بیماروں کی دیکھ بھال کے بہانے ریکی کرتی تھی
واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو فرار ہوتے دیکھا جاسکتا ہے ٗ ساتھیوں کی تلاش جاری
کراچی (کرائم رپورٹر) حیدری پولیس نے گھروں میں ڈکیتیاں کرنیوالے میاں بیوی کو گرفتار کرلیا، ملزمان دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر گھروں میں ڈکیتیاں کرتے تھے،گرفتار خاتون نرس کا کام کرتی ہے اور گھروں میں بیمار افراد کی دیکھ بحال کے بہانے ریکی کرتی تھی، گرفتار ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں واردات کے بعد فرار ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حیدری پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گھروں میں ڈکیتیاں کرنیوالے میاں بیوی کو گرفتار کرلیا، ملزمان دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر گھروں میں ڈکیتیاں کرتے تھے، ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ نے بتایا کہ حیدری پولیس نے گھروں میں ڈکیتیاں کرنیوالے ملزم روحیل عرف چاند اور اس کی بیوی بشریٰ عرف پنکی کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمہ نرس ہے اور گھروں میں بیمار افراد کی دیکھ بحال کے بہانے ریکی کرکے ملزمان کو آگاہ کرتی تھی، ملزمان کے خلاف حیدری تھانے میں ڈکیتی کا مقدمہ درج ہے، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو فرار ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک خاتون شہری کو گھبرا کر فٹ پاتھ پر گرتے دیکھا جاسکتا ہے فوٹیج میں خاتون ملزمہ کو چوکیدار کے ہاتھوں پکڑے دیکھا جاسکتا ہے، ملزم نے بھاگ کر اپنی بیوی کو چوکیدار کے قبضے سے چھڑوایا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کے تیسرے ساتھی کو بھی دیکھا جاسکتا ہے، تاہم پولیس نے گرفتار ملزمان کے فرار ہونے والے تیسرے ساتھی کی تلاش شروع کردی ہے۔

پولیس کا مختلف علاقوں میں کریک ڈاؤن
گینگ وار کارندے اور اسٹریٹ کرمنلز سمیت 20 ملزمان گرفتار
چاکیواڑہ اور کھارادر سے اعظم، خلیل اور عزیز پکڑے گئے، خلیل لیاری گینگ وار شیراز کامریڈ گروپ اور عذیر بلوچ کا کارندہ ہے
اسٹیل ٹاؤن، شریف آباد، فیروز آباد، گارڈن اور سچل میں بھی رینجرز، ایس آئی یو، انویسٹی گیشن اور آپریشن پولیس کی کارروائیاں
کراچی (کرائم رپورٹر) رینجرز، ایس آئی یو، انویسٹی گیشن اور آپریشن پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران گینگ وار کارندوں، اسٹریٹ کرمنلز، منشیات اور گٹکا فروش سمیت20ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، منشیات اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق رینجرز نے چاکیواڑہ اور کھارادر کے علاقوں سے3ملزمان اعظم،خلیل اور عزیز کو گرفتار کیا گرفتار ملزم خلیل لیاری گینگ وار شیراز کامریڈ گروپ اور عزیر بلوچ گروپ کا کارندہ ہے، ملزمان منشیات فروشی کی وارداتوں میں ملوث ہیں، جبکہ رینجرز نے اسٹیل ٹاؤن اور زمان ٹاؤن کے علاقوں سے3ملزمان ولید، ندیم اور احتشام کو گرفتار کیا ملزمان اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ،ایمونیشن اور منشیات برآمد کرکے ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کے لئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔شریف آباد پولیس نے ایف سی ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث چار ملزمان شہزاد عرف بجو، سمیع اللہ، بابر علی اور عاقب عرف عبداللہ کو گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان ماضی میں بھی لوٹ مار، پولیس مقابلہ اور دیگر جرائم کی وارداتوں میں گرفتار ہوچکے ہیں، اسپیشل انوسیٹی گیشن یونٹ(ایس آئی یو) پولیس نے کارروائی کے دوران تین ملزمان حیدر، ریحان اور افضل کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ فیروز آباد انویسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کے دوران اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں ملوث دو ملزمان عبدالوہاب اور آصف عرف وقار کو گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔ گارڈن پولیس نے کارروائی کے دوران گٹکا فروش شہزاد اقبال کو گرفتار کرکے قبضے سے بڑی تعداد میں مضر صحت گٹکا قبضے میں لے لیا۔ سچل پولیس نے منشیات فروش داو د کو گرفتار کرکے منشیات اور مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا پولیس نے کارروائی کے دوران ملزم سیف اللہ کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ اسٹیل ٹاو ن پولیس نے کارروائی کے دوران دو ملزمان ندیم اور وحید کو گرفتار کرکے اسلحہ ومنشیات برآمد کرلی۔

 میٹھادر سے اغواء ہونیوالا لڑکا گھر پہنچ گیا ملزم گرفتار
ملزم پنجاب لے گیا تھا وہاں لوگوں کو نشہ آور اشیاء کھلا کر پیسے چوری کیا کرتا تھا، سلمان
ناصر نامی شخص میرے بیٹے کو چھوڑ کر جارہا تھا میں نے شور مچادیا اور اہل محلہ نے پکڑلیا، والد خائستہ رحمن
کراچی( کرائم رپورٹر)میٹھادر کے علاقے سے گزشتہ ماہ27 نومبر کو لاپتہ ہونے والا12 سالہ سلمان گھر پہنچ گیا۔ پولیس نے مغوی کے والد خائستہ رحمن کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔ مغوی سلمان کا کہنا ہے کہ ملز م سے بھلا پھسلا کر پنجاب لے گیا تھا جہاں وہ لوگوں کو نشہ آور اشیاء کھلا کر پیسے چوری کیا کرتا تھا جبکہ مغوی کے والد نے درج کئے جانے والے مقدمے میں بیان دیا گیا ہے کہ وہ اپنی رہائش لپریسی کالونی میں موجود تھا کہ ایک شخص جس کا نام ناصر معلوم ہواہے وہ میرے بیٹے کو چھوڑ کر جارہا تھا کہ میں نے شور مچادیا جس پر اہل محلہ جمع ہوگئے اور انہوں نے ملزم ناصر کو پکڑ پولیس کے حوالے کردیا۔

ایس ایس پی کورنگی ٹیم کا سٹے کے اڈے پر چھاپہ 8 ملزمان گرفتار ایس ایچ او لانڈھی ہیڈ محرر سمیت معطل
لانڈھی میں بدنام زمانہ شاہد سٹے والے کے اڈے سے گرفتار ملزمان کے قبضے سے داؤ پر لگی رقم، کیمرہ، ڈیوائس اور سٹے کی پرچیاں برآمد
کھلے عام سٹہ چلنے پر ایس ایچ او کورنگی کی ٹیم نے ایس ایچ او لانڈھی رحیم شاہ، جمیل میاں سمیت دیگر عملے کو فوری طور پر معطل کردیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) لانڈھی میں شاہد سٹے والے کے اڈے پر ایس ایس پی کورنگی کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے 39ملزمان کو گرفتار کرکے داو پر لگی رقم اور سٹے کی پرچیاں برآمد کرلیں، ایس ایچ او اور ہیڈ محرر معطل۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی کورنگی کی ٹیم نے لانڈھی میں واقع بدنام زمانہ شاہد سٹے والے کے اڈے پر کارروائی کرتے ہوئے8ملزمان فرہات علی، محمد حسین، عارف حسین، بابو دین، یاسین احمد، محمد عرفان، مختیار احمد اورمحمد جاوید کو گرفتارکرکے قبضے سے داو پر لگی 14ہزار سے زائد رقم، کیمرہ، دو عدد ڈیوائس اور سٹے کی پرچیاں برآمد کرلیں، جبکہ جوئے کے اڈا کا سرغنہ بدنام زمانہ جواری شاہد فرارہو گیا، تاہم ایس ایس پی کورنگی نے ایس ایچ او لانڈھی رحیم شاہ، ہیڈ محرر جمیل میاں، ایس آئی حنیف عباسی، اے ایس آئی عبدالرحمان اور اے ایس آئی ناصر اقبال کو معطل کردیا۔تیموریہ تھانے کی حدود بفرزون میں اینٹی اسٹریٹ کرائم فورس نے اے ٹی ایم سے رقم نکالنے والے شہریوں کو لوٹنے والے دو ملزمان احمد رضا اور زاہد کو گرفتارکرکے اسلحہ برآمد کرلیا، گرفتار ملزمان نے ضلع غربی میں بھی ڈکیتی کی متعدد وارداتیں کرنے کا اعتراف کیا ہے۔کھارادر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم عبدالعزیز کو گرفتارکرکے قبضے سے آوان بم اور منشیات برآمد کرلی، پولیس کے مطابق ملزم سنگین نوعیت کے14سے زائد کیسز میں پولیس کو مطلوب تھا۔ میمن گوٹھ انوسٹی گیشن پولیس نے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان ساجد اور رحیم بخش کو گرفتارکرلیا۔ گلبہار پولیس نے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان سرفراز اور زبیرکوگرفتارکر کے اسلحہ اور نقدی برآمد کرلی۔ زمان ٹاؤن پولیس نے دو ملزمان نور محمد اور محمد شاہد کو گرفتارکرکے اسلحہ اور چرس برآمد کرلی۔ درخشاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مضر صحت شیشہ،حقہ کی فروخت میں ملوث دو ملزمان ملک فہاد اور محمد اکرم کو گرفتارکرکے قبضے سے مختلف قسم کے مضر صحت شیشہ، حقہ اور فلیورز برآمد کرلئے۔

مغوی لڑکے کو واپس چھوڑ کر فرار ہونیوالا اغواء کار گرفتار
2 7نومبرکو مدرسے جانیوالا 1 2سالہ سلمان جنگ پریس کے قریب سے لاپتہ ہوگیا تھا
ملزم ناصر لڑکے کو پنجاب لے گیا تھا اور واپس چھوڑنے آیا تھا ٗ اہل محلہ نے پکڑ لیا
کراچی( کرائم رپورٹر) رات گئے جنگ پریس کے قریب سے اغواء کار گرفتار‘ مدرسہ کا اغواء ہونیوالا مغوی بچہ بازیاب ‘ تفصیلات کے مطابق میٹھادر کے علاقے آئی آئی چندریگر روڈ جنگ پریس کے قریب واقعہ کمپاؤنڈ کا رہائشی مدرسہ کا طالب علم12 سالہ سلمان کے اغواء کا ڈراپ سین ہوگیا مغوی بچے کو گھر کے قریب چھوڑ کر فرار ہونیوالا اغواء کار ملزم ناصر احمد ولد بشیر احمد کو علاقہ مکینوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا جبکہ12 سالہ سلمان کو ملزم کے چنگل سے آزاد کروادیا پولیس کا کہنا ہے کہ12 سالہ سلمان گھر کے قریب واقعہ اللہ والی مسجد و مدرسہ جارہا تھا کہ27 نومبر2018 سے لاپتہ ہوگیا تھا جس پر پولیس کی جانب سے بچے کے اغواء کا مقدمہ میٹھادر تھانہ میں درج کرلیا گیا اور بچے نے پولیس کو بتایا کہ ملزم ناصر مجھے اغواء کرکے پنجاب لے گیا تھا اور واپس گھر کے قریب چھوڑنے آیا تھا تاہم پولیس نے ملزم سے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔