نیوزی لینڈ کیخلاف فیصلہ کن ٹیسٹ

December 6, 2018 11:41 am0 commentsViews: 2

اسد شفیق اور اظہر علی نے پاکستانی بیٹنگ کی لاج رکھ لی
ابوظہبی (اسپورٹس ڈیسک) نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میں اظہر علی اور اسد شفیق نے سنچریاں اسکور کرکے پاکستانی بیٹنگ کی لاج رکھ لی۔ گرین شرٹس کا پہلی اننگز کا ٹوٹل 348 ان کی 201 رنز کی شراکت داری کا مرہون منت تھا۔ پاکستان نے کیویز پر 74 رنز کی سبقت حاصل کی۔ جواب میں کیویزنے دوسری باری میں 26 رنز پر دو وکٹ گنوا دیے ہیں۔ میزبان سائیڈ کو اب بھی 48 رنز کی سبقت حاصل ہے۔ قبل ازیں بدھ کو شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرے دن کاکھیل شروع ہوا تو اظہر علی اور اسد شفیق نے 139 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے اننگز کا آغاز کیا۔ اظہر علی بارہ چوکوں کی مدد سے 134 رنز بنا کر سومرویل کی ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی وکٹ بنے۔ اسد شفیق نے 14 چوکوں کی مدد سے 104 رنز اسکور کیے۔ وہ اعجاز پٹیل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ سنچریاں بنانے والے اظہر اور اسد کی واپسی کے بعد بابر اعظم اورسرفراز احمد کے کاندھوں پر اسکور آگے بڑھانے کی ذمہ داری تھی لیکن اس موقع پر کیوی بولرز چھا گئے۔