تجاوزات کیخلاف آپریشن پر نظر ثانی کیلئے

December 6, 2018 11:40 am0 commentsViews: 4

سندھ حکومت آج سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرے گی
متاثرہ دکانداروں کیلئے جامع پلان بنا لیا گیا ہے، پہلے مرحلے میں چار ہزار سے زائد متاثرہ دکانداروں کو متبادل جگہ دی جائے گی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے معاملے پر نظرثانی کی درخواست تیار کرلی جو آج سپریم کورٹ میں دائر کی جائے گی۔ سندھ کابینہ نے یکم دسمبر 2018ء کو تجاوزات کے خلاف آپریشن پرنظرثانی کی درخواست دائر کرنے کی منظوری دی تھی جبکہ سندھ حکومت نے ایک اور بڑا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت متاثرہ دکانداروں کو متبادل فراہم کرنے کے لیے جامع پلان بنا لیا ہے، آپریشن سے متاثرہ دکانداروں کو رواں ماہ تک متبادل فراہم کر دیا جائے گا، پہلے مرحلے میں 4 ہزار سے زائد متاثرین کو متبادل دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں مشیر اطلاعات حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے تجاوزات کے خلاف آپریشن اور پی ٹی آئی کی تنقید پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی تضادات کا مجموعہ ہے سندھ حکومت بے روزگار افراد کو متبادل فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت نے میئر کراچی کو پہلے ہی تجاوزات آپریشن سے متعلق احکامات دے دیے تھے لوگوں کو بے گھر کرنے والی تبدیلی سرکار آپریشن رکوانے کا کریڈٹ لینے کی ناکام کوشش کررہی ہے۔