چوری کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے موٹر سائیکلوں میں ٹریکر لگانے کا فیصلہ

December 6, 2018 11:51 am0 commentsViews: 11

جس موٹر سائیکل میں ٹریکر نہیں ہوگا اس کے مالک کے خلاف کارروائی ہوگی
ٹریکر کے بغیر محکمہ ایکسائز موٹر سائیکل کی رجسٹریشن بھی نہیں کرے گا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس قادر شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ نے دارالحکومت کراچی سمیت سندھ بھر میں موٹر سائیکلوں میں ٹریکر لگانے اور موٹر وہیکل آرڈیننس میں ترمیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی سمری وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال کردی گئی ہے، نئی اور پرانی موٹر سائیکلوں میں ٹریکر لگائے جائیں گے۔ سمری کی منظوری کے بعد سندھ بھر میں یہ قانون نافذ ہو جائے گا۔ اس سے قبل بِل سندھ اسمبلی سے منظور کرایا جائے گا۔ ٹریکرز لگانے کے لیے کمپنیز اور شوروم مالکان کو پابند کیا جائے گا، جس موٹر سائیکل میں ٹریکر نہیں ہوگا اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، سندھ حکومت نے یہ فیصلہ سندھ بھر میں موٹر سائیکلوں کی بڑھتی ہوئی چوری کی وارداتوں کے پیش نظر کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں وزیر ٹرانسپورٹ نے مزید کہاکہ جس موٹرسائیکل میں ٹریکر ہوگا تو ہی محکمہ ایکسائز موٹرسائیکل کی نمبر پلیٹ دے کر اسے رجسٹرڈ کرے گی۔ ٹریکر لگنے سے موٹر سائیکل چوری ہونے کے بعد ٹارگٹ کلنگ اور دیگر کارروائیوں میں استعمال ہونے سے بچ جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں تمام موٹرسائیکلوں میں ٹریکر لگانے سے متعلق تمام اداروں کو پابند کیا جائے گا، ٹریکر لگانے سے عوام کو ہی فائدہ ہوگا۔