متحدہ کا آپریشن پر احتجاج سمجھ سے بالاتر ہے مصطفی کمال

December 6, 2018 11:51 am0 commentsViews: 7

وزیراعظم کے قبل از مدت انتخابات کے انعقاد کے غیر ذمہ دارانہ بیان سے عوام میں مزید بے چینی بڑھ گئی ہے
غیر ملکی سرمایہ کار تو درکنار ملک کا کاروباری طبقہ بھی تذبذب کا شکار ہے، پارٹی اراکین کے اجلاس میں گفتگو
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کا آپریشن پر احتجاج سمجھ سے بالاتر ہے، کیونکہ ان کا میئر ہی ہر جگہ جاکر دکانیں اور گھروں کو مسمار کر رہا ہے اور وہ خود حکومت کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے خود ہی قبل از مدت انتخابات کے انعقاد کا غیر ذمہ دارانہ بیان دیا ہے جس کے بعد سے عوام میں حکومتی کارکردگی کی وجہ سے پائی جانے والی بے چینی مزید بڑھ گئی ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کار تو درکنار ملک کا کاروباری طبقہ بھی تذبذب کا شکار ہے کیونکہ ملک میں کاروباری سرگرمیوں کے لیے ماحول سازگار نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری پارٹی تمام ناجائز تجاوزات کے خلاف ہے اور پارٹی کے تمام کارکنان سپریم کورٹ کے ہر فیصلے کے آگے سرتسلیم خم کرتے ہیں لیکن ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے جو غلط کام کرنے پر ڈانٹتی اور مارتی ہے، لیکن گھر سے نکال کر بھوکا نہیں مارتی، عوام سے انتخابات سے قبل ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن اس کے برعکس حکومت نے اپنے شروعاتی دنوں میں ہی ہزاروں کاروبار ختم کرکے لاکھوں لوگوں کو بے روزگار کردیا۔ ان خیالات کا اظہار مصطفی کمال نے پاکستان ہاؤس میں پارٹی صدر انیس قائم خانی سمیت سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور نیشنل کونسل کے اراکین کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مصطفی کمال نے کہاکہ حکومتیں ناجائز تجاوزات ختم کرنے سے پہلے متاثرین کے لیے متبادل جگہ کا انتظام کرتی ہیں اور پھر آپریشن شروع کرتی ہیں۔