کیلا مارنے پر ایک ہزار ڈالر جرمانہ اور قید کی سزا سنادی گئی

January 4, 2019 12:41 pm0 commentsViews: 4

اسٹور کے ملازم سے جھگڑے کے بعد کیلا کھینچ کر مارا تھا
عدالت نے سزا سناتے ہوئے ملزم کو جیل بھیجنے کا حکم دے دیا
واشنگٹن(نیٹ نیوز)امریکہ میں کیلا مارنے پر نوجوان کو ایک ہزار ڈالر جرمانہ اور قید کی سزا ہو گئی۔ امریکی ریاست آئیوا کے دارالحکومت ڈیس موائنز میں ایک نوجوان کو اس جرم میں جیل کی سزا ہو گئی کہ اس نے دوسرے شخص کو کیلا مارا تھا۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق 26سالہ نوجوان روجیلیو تاپیا خریداری کے لیے شاپنگ اسٹور گیا جہاں اس کی کسی دوسرے گاہک کے ساتھ کسی بات پر تلخ کلامی ہو گئی۔ اسٹور کے ملازم نے مداخلت کر کے دونوں کے درمیان بیچ بچاؤ کرانے اور معاملہ رفع دفع کرنے کی کوشش کی تو روجیلیو تاپیا اسٹور کے ملازم کے ساتھ بھی الجھ پڑا اور غصے میں کیلا اٹھا کر اسے دے مارا۔ دکان کی انتظامیہ نے پولیس کو فون کر کے مدد طلب کی۔ پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر جھگڑالو نوجوان کو گرفتار کرلیا۔ دکان کی انتظامیہ نے مقدمہ درج کراتے ہوئے دعویٰ کیا کہ روجیلیوتاپیا کی وجہ سے اسے ایک ہزار ڈالر کا نقصان بھی ہوا ہے۔ مجسٹریٹ نے روجیلیو تاپیا پر ایک ہزار ڈالر جرمانہ عائد کرتے ہوئے دوسرے شہریوں پر حملہ کرنے اور غنڈہ گردی کے جرم میں جیل بھیج دیا تاہم وہ کچھ دیر بعد ہی ضمانت پر رہا ہو گیا۔