ٹیم کی مسلسل ناقص کارکردگی سرفراز احمد نے کپتانی چھوڑنے پر غور شروع کردیا

January 8, 2019 2:53 pm0 commentsViews: 3

کرکٹ حلقوں کی جانب سے کافی تنقید ہورہی ہے
ٹیم مینجمنٹ نے اگلے کپتان کیلئے سر جوڑ لئے
کیپ ٹاؤن( مانیٹرنگ ڈیسک) جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں مسلسل دوسری شکست پر قومی کپتان سرفراز احمد نے کپتانی چھوڑنے پر غور شروع کردیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹیسٹ ٹیم کی مسلسل ناکامی سے دلبرداشتہ ہو کر کپتانی چھوڑنے پر غور شروع کردیا۔ ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ نے اگلے کپتان کیلئے سرجوڑ لئے جس میں اسد شفیق‘ یاسر شاہ اور شان مسعود کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ شان مسعود اور یاسر شاہ قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کیلئے تگڑے امید وار ہیں۔ خیال رہے کہ سرفراز احمد کی قیادت میں قومی ٹیم کو سیریز میں بھی مسلسل دوسری شکست ہوئی ہے۔ ساؤتھ افریقہ سے قبل سرفراز احمد کی قیادت میں قومی ٹیم کو پاکستان کا ہوم گراؤنڈ سمجھے جانیوالے یو اے ای میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سرفراز احمد کی قیادت میں قومی ٹیم نے 12ٹیسٹ میچز کھیلے جن میں انہیں 7میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ قومی ٹیم سرفراز کی قیادت میں صرف4میچز جیتی جبکہ ایک میچ ڈرا ہو۔ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کو لے کر سرفراز احمد پر کرکٹ کے حلقوں میں کافی تنقید بھی ہورہی تھی اور نیوزی لینڈ سے شکست کے بعد ساؤتھ افریقہ روانگی سے قبل سرفراز احمد یہ بات واضح کرچکے تھے کہ انہیں اگر انہیں ساؤتھ افریقہ میں بھی شکست ہوگئی تو پھر وہ کپتانی چھوڑنے کے حوالے سے کچھ سوچیں گے۔