سعودی عرب میں ٗ غیر ملکیوں کو مزید 5شعبوں میں کام سے روک دیا گیا

January 8, 2019 3:28 pm0 commentsViews: 7

طبی آلات ٗ تعمیراتی سامان ٗ گاڑیوں کے پرزہ جات قالین اور مٹھائی کی دکانوں پر غیر ملکی کام نہیں کرسکیں گے
ان شعبوں کو ملکی سعودزائزیشن کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ٗ غیر ملکیوں کے بجائے مقامی باشندے ملازمت کرنے کے اہل ہونگے
ریاض (این این آئی) سعودی عرب میں مزید 5شعبوں میں غیر ملکیوں کو کام کرنے سے روک دیا گیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت محنت وسماجی امور نے ایک بیان میں کہا کہ ان شعبوں کی مکمل سعودائزیشن کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ اب طبی آلات، تعمیراتی سامان، گاڑیوں کے پرزہ جات، قالین اور مٹھائیوں کی دکانوں میں غیر ملکی کام نہیں کرسکیں گے۔ سعودی فرماں رواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی حکومت غیر ملکی تارکین کی بجائے، مقامی لوگوں کو روزگار کی فراہمی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے جسے سعودائزیشن پالیسی کا نام دیا گیا ہے۔ اس پالیسی کے تحت پہلے دو مرحلوں میں مختلف شعبوں میں تارکین پر پابندی عائد کی تھی اور اب وزارت محنت وسماجی امور نے تیسرے مرحلے کے لئے مزید 5شعبوں میں تارکین کی ملازمت پر پابندی عائد کردی جس کا اطلاق آج سے ہورہا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت طبی آلات فروخت کرنے والی اور تعمیراتی سامان فروخت کرنے والی دکانوں میں غیر ملکی کام نہیں کرسکیں گے۔ گاڑیوں کے اسپیئر پارٹس کی دکانوںِ کارپٹ فروخت کرنے والی دکانوں اور مٹھائی کی دکانوں میں بھی غیر ملکی تارکین کی بجائے مقامی لوگ ملازمت کے اہل ہوں گے، خلاف ورزی کرنے والے مالکان کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔ وزارت محنت وسماجی امور کا کہنا ہے کہ محکمے کے افسران دکانوں پر چھاپے ماریں گے اور غیر ملکی تارکین کو ملازمت دینے کی صورت میں نئی پالیسی کی خلاف ورزی کے مرتکب مالکان کے خلاف سخت ایکشن لیاجائے گا۔