ٹی وی چینلز کو بھارتی مواد دکھانے کی اجازت نہیں دینگے ٗ چیف جسٹس

January 10, 2019 1:14 pm0 commentsViews: 3

بھارتی پروگرام ہماری تہذیب کو خراب کررہے ہیں
اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیے ہیں کہ ہم ٹیلی ویژن چینلز کو بھارتی مواد دکھانے کی اجازت نہیں دیں گے یہ ہماری تہذیب کو خراب کررہے ہیں، سپریم کورٹ میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے نجی ٹی وی چینلز پر غیر ملکی مواد دکھانے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت پیمرا کے وکیل نے بتایا کہ عدالتی حکم پر غیر ملکی مواد دکھانے پر پابندی لگائی گئی لیکن ہائیکورٹ نے حکم امتناع جاری کردیا۔ پیمرا کے چیئرمین سلیم بیگ نے بتایا کہ فلمز یا چینل 65فیصد اور بعض اوقات 80فیصد غیر ملکی مواد دکھاتا ہے، اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم ٹی وی چینلز پر بھارتی مواد دکھانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اس پر عدالتی معاون ظفر کلانوری نے بتایا کہ فلمز یا نیوز چینل نہیں تفریحی چینل ہے اور یہ کوئی پروپیگنڈا نہیں کرتا، اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہماری تہذیب کو تو خراب کررہا ہے۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ پاکستان برا ڈکاسٹر ایسوسی ایشن (پی بی اے) کے وکیل فیصل صدیقی نہیں آئے، ان کو سنے بغیر فیصلہ نہیں کرسکتے، جس کے بعد عدالت نے مذکورہ کیس کی سماعت فروری کے پہلے ہفتے تک ملتوی کردی۔