مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلایا جائے ریونیو کی وصولی کے حوالے سے ٗ سندھ کی صورتحال سب سے اچھی ہے ٗ مراد علی شاہ

January 11, 2019 12:45 pm0 commentsViews: 2

امید ہے وفاق آئین وقانون کے مطابق سندھ کو اس کا حق دیگا ٗ مالی مشکلات کے باوجود اسٹیٹ بینک سے کوئی قرضہ نہیں لیا ٗ وزیراعلیٰ سندھ
سمٹ اور سندھ بینک کے انضمام کے حوالے سے کئی کہانیاں سامنے آرہی ہیں ٗ حلیم عادل شیخ ٗ مےڈیا پر چلنے والی خبروں کو یہاں نہ دہرائیں ٗ اسپیکر سراج درانی کی تنبیہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ جن کے پاس محکمہ خزچانہ کا قلمدان بھی ہے نے کہا کہ ملک میں سندھ وہ واحد صوبہ ہے جہاں ریونیو کی وصولی سے سب سے زیادہ اچھی ہے، سندھ کے بورڈ آف ریونیو نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیاہے اور اس کی کارکردگی ایف بی آر سے بھی اچھی ہے جمعرات کو سندھ اسمبلی میں محکمہ خزانہ سے متعلق وقفہ سوالات کے دوران ارکان کے مختلف تحریری وضمنی سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے گیس کے معاملے پر مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے وفاق کو گیس کے معاملے پر مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کے لئے خط لکھیں گے۔ سی سی آئی میں سندھ کے تین وفاقی نمائندے ہیں جن کا پیپلزپارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ان تینوں ارکان کو ہماری حمایت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فروری میں تھر کول پاور پلانٹ سے بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔ پوری امید ہے کہ وفاق آئین وقانون کے مطابق سندھ کو اس کا حق دے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت نے گزشتہ تین سال سے کوئی اوورڈرافٹ نہیں لیا اور سندھ حکومت نے مالی مشکلات کے باوجود 2016سے لے کر 2018تک اسٹیٹ بینک سے کوئی قرضہ نہیں لیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ بینک اور سمٹ بینک کے انضمام کا عمل جاری ہے جسے فی الوقت موخر کردیا گیا ہے۔ جے ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سمٹ بینک اور سندھ بینک کے انضمام کے حوالے سے کہانیاں سامنے آرہی ہیں جس پر اسپیکر آغا سراج دورانی نے ٹوک دیا اور کہا کہ وہ سنی سنائی باتوں اور میڈیا پر چلنے والی خبروں کو یہاں نہ دہرائیں۔