وزیراعلیٰ مان گئے اپوزیشن نے سندھ اسمبلی میں احتجاج مؤخر کردیا

January 11, 2019 12:58 pm0 commentsViews: 4

مراد علی شاہ نے فردوس شمیم نقوی کو قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کی یقین دہانی کرادی
کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی بیک ڈور کوششیں کامیاب ہو گئیں،ا پوزیشن جماعتوں نے سندھ اسمبلی میں احتجاج کا پروگرام موخر کردیا۔ ذرائع کے مطابق جمعرات کے روز سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی اور وزیراعلیٰ کے درمیان سندھ اسمبلی میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی کو قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کی یقینی دہانی کرائی گئی اور کہا کہ قائمہ کمیٹیوں کا انتخاب ایوان میں جلد ہو گا۔ ملاقات میں پارلیمانی جماعتوں کی سندھ اسمبلی کا ماحول بہتر رکھنے پر بھی اتفاق ہوا۔ وزیراعلیٰ سندھ کی یقین دہانی کے بعد پی ٹی آئی نے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ سندھ اسمبلی میں احتجاج کا پروگرام موخر کردیا، واضح رہے کہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے ایوان کے باہر عوامی ایوان لگانے کا پروگرام بنایا تھا۔