عبداﷲہارون روڈ اور اطراف کی سڑکوں پر ڈبل پارکنگ ختم

January 14, 2019 12:25 pm0 commentsViews: 2

ضلعی انتظامیہ کے افسران کی ٹریفک پولیس کے تعاون سے عبداﷲہارون ٗ صغیر شہید اور مینسفیلڈ روڈ پر ڈبل پارکنگ کی اجازت نہیں دی جائیگی
شہر میں ٹریفک کانظام ٹھیک کرنے کیلئے تمام اضلاع میں ٹریفک مینجمنٹ بورڈز قائم کئے جائیں گے ٗ کمشنر کراچی کا اجلاس سے خطاب
کراچی(این این آئی) ضلعی انتظامیہ کے افسران نے ٹریفک پولیس کے تعاون سے عبداللہ ہارون روڈ، صغیر شہید روڈ اور مینسفیلڈ روڈ پر کارروائی کرکے ڈبل پارکنگ ختم کی ہے۔ کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں ٹریفک کا نظم وضبط ٹھیک ہونے اور ٹریفک دباؤ کو دور کرنے کے لئے تمام اضلاع میں ٹریفک مینجمنٹ بورڈ قائم کیے جائیں گے۔ ایس بی سی اے پارکنگ کی جگہ کو تجارتی مقاصد کے لئے استعمال کرنے والی عمارتوں کیخلاف کارروائی کرے۔ اجلاس میں شہر میں ٹریفک کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چارجڈ پارکنگ میں ہونے والی ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والی تجاوزات اور پتھاروں کو ہٹانے،ڈبل پارکنگ کی شکایات دور کرنے کی کوشش کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر اور ڈپٹی کمشنر جنوبی صلاح الدین نے اجلاس کو چارجڈ پارکنگ کے مقامات پر سنگل لین پارکنگ کی خلاف ورزی اور ڈبل پارکنگ کی شکایت دور کرنے کے لئے کی جانے والی کارروائی کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر، تمام ڈپٹی کمشنرز تمام ایس ایس پی ٹریفک، ٹریفک انجینئرنگ بیورو کے سینئر ڈائریکٹر نوید اظہار، بدلیہ عظمیٰ کے ڈائریکٹر انجینئرنگ طہٰ صدیقی اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے ضلع کے ٹریفک مینجمنٹ بورڈز شہر میں ٹریفک کے مسائل کے حل میں متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ سے اقدامات کریں گے۔