13سالہ لڑکی کنزہ کامیاب آپریشن سے لڑکا بن گیا

January 14, 2019 12:28 pm0 commentsViews: 10

مجھے پیشاب کے وقت اکثر تکلیف ہوتی تھی چند ماہ قبل زیادہ تکلیف ہوئی برتھ ڈیفیکٹ فاؤنڈیشن سے رجوع کیا
انٹرسیکس سینٹر میں ڈاکٹر لیاقت مرزا نے علاج شروع کیا، ڈاکٹر افضل شیخ نے آپریشن کر کے لڑکا بنا دیا،عبداللہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر) برتھ ڈیفیکٹ فاؤڈیشن کے تحت انٹرسیکس سینٹر میں 13سالہ کنزہ کو کامیاب آپریشن کر کے لڑکابنادیا گیا۔ اس کا نام عبداللہ رکھا گیا ہے، 13سالہ عبداللہ (کنزہ) کا کہنا ہے کہ میں لڑکیوں کے اسکول میں چھٹی کلاس میں پڑھتا ہوں، مجھے پیشاب کے وقت اکثر تکلیف ہوتی تھی، چند ماہ قبل زیادہ تکلیف ہوئی تو برتھ ڈیفکیٹ فاؤنڈیشن کے ڈاکٹر لیاقت مرزا نے میرا علاج شروع کیا اور اب ڈاکٹر افضل شیخ نے آپریشن کر کے مجھے لڑکا بنادیا، میں بڑا ہو کر ڈاکٹر بنوں گا، برتھ ڈیفیکٹ فاؤنڈیشن کے کنسلٹنٹ ڈاکٹر لیاقت مرزا نے بتایا کہ 8ماہ قبل مختلف ٹیسٹ کئے تو معلوم ہوا کہ کنزہ لڑکا بن سکتی ہے، پھر ہم نے ہارمون تھراپی سمیت دیگر علاج شروع کئے، یہ پاکستان میں پہلا آپریشن ہے، بی ڈی ایف کے چیف پیٹرن کے سرجن ڈاکٹر افضل شیخ نے کہا کہ ہم جنس واضح نہ ہونے والے بچوں کے لئے کام کررہے ہیں اور 100سے زائد بچوں کو لڑکیاں بنا چکے ہیں مگر لڑکا بنانے کے لئے پہلا آپریشن کنزہ کا کیا گیا، پی ڈی ایف کے چیئرمین عنصر جاوید نے کہا کہ عبداللہ کو اس معاشرے میں ایک نئے مسئلے کا سامنا کرنا پڑے گا وہ ہے نادرا میں کنزہ سے عبداللہ رجسٹریشن کرانا ہے۔ ہم اس سلسلے میں حکومت سے بات کررہے ہیں ۔