2ارب روپے کی رمضان سبسڈی پیکیج کی منظوری

March 13, 2019 11:49 am0 commentsViews: 3

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے 2 ارب روپے کے رمضان سبسڈی پیکیج کی منظوری دے دی ہے۔ ڈاکخانہ کو مالی بحران سے نکالنے کے لیے اندرون ملک ڈاک کے نئے نرخ مقرر کرنے کی سمری منظور کرلی، وزارت صنعت و پیداوار کی طرف سے 2 ارب روپے مالیت کے رمضان ریلیف پیکیج عوام کے لیے پیش کیا گیا تھا، وزارت خزانہ کو قومی مالی شمولیت پروگرام کے لیے ساڑھے 7 کروڑ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ دینے کی بھی منظوری دے دی گئی۔ کھجور، بیسن، گھی، تیل، چاول، دالوں، آٹے، چینی اور مشروبات سمیت 19 اشیاء یوٹیلٹی اسٹورز پر 50 روپے تک سستی ملیں گی۔ کھجور پر 30 روپے فی کلو، بیسن پر 20 روپے، گھی اور باسمتی، سیلا، ٹوٹا چاول پر 15، 15 روپے فی کلو سبسڈی دی جائے گی۔ کوکنگ آئل پر 10، سفید چنے پر 25 روپے، دال چنا پر 20، دال مونگ پر 15، دال مسور پر 10، آٹے پر 4 اور چینی پر 5 روپے فی کلو ریلیف دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی صدارت میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں 8 نکاتی ایجنڈے پر فیصلے کیے گئے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے رمضان پیکیج 2019ء کی منظوری دے دی، اجلاس میں ٹیکسٹائل ڈویژن کو ایک کروڑ 70 لاکھ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ جاری کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی۔