تحریک کی ضرورت نہیں‘ سندھ میں جیل بھرنے والی ہے‘ فواد چودھری

March 14, 2019 1:59 pm0 commentsViews: 2

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن کے لیے قربانی دینے والوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ عدالتی نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔ عام آدمی کو سب سے بڑا فائدہ عدالتی نظام میں اصلاح کے ذریعے دیا جا سکتا ہے، تاہم جو حکومت یہ سمجھے کہ عدالت کے بغیر اصلاحات آ سکتی ہیں تو ایسا ممکن نہیں۔

فواد چودھری نے اپنے خطاب میں پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلاول کہتے ہیں کہ جیل بھرو تحریک شروع کریں گے جبکہ سندھ میں تو جیل ویسے ہی بھرنے والی ہے، اس کے لیے تحریک شروع کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نیک نیت انسان ہیں اور ان کا دل عوام کے لیے دھڑکتا ہے۔ اس وقت ملک میں ان سے بہتر شخص ہمیں مل نہیں سکتا۔ امید ہے کہ ہم تمام بحرانوں پر قابو پالیں گے۔ تحریکِ انصاف کے 5 سال مکمل ہونے پر ملک میں واضح فرق نظر آئے گا۔ اب تک تحریک انصاف کی حکومت کاایک بھی اسکینڈل سامنے نہیں آیا۔ حکومت حتساب پر سمجھوتا نہیں کرے گی۔