خالد بن ولید روڈ پر قائم نجی بینک میں ڈکیتی کا انوکھا واقعہ

March 14, 2019 12:04 pm0 commentsViews: 7

لاکر توڑے بغیر لاکھوں مالیت کا سونا پراسرار طور پر غائب
متاثرہ شہری نے سونے کی برآمدگی کیلئے ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کو درخواست دے دی
5سال بعد لاکرز دیکھنے گیا تو سونا غائب تھا، تفتیشی پولیس کے اقدامات سے مطمئن نہیں، متاثرہ شہری
کراچی(کرائم رپورٹر) نجی بینک کے لاکر سے لاکھوں روپے مالیت کا سونا پراسرار طور پر غائب ہوگیا۔متاثرہ شہری نے سونے کی برآمدگی کیلئے ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کو درخواست دے دی۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے خالد بن ولید روڈ پر قائم نجی بینک میں چوری کی انوکھی واردات سامنے آئی ہے، نہ ڈکیتی کی کوئی واردات ہوئی اور نہ ہی چوری کا کوئی واقعہ رپورٹ ہوا پھر بھی شہری کے لاکر سے سونا غائب ہوگیا۔متاثرہ شہری نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ میرے لاکر سے70تولہ سے زائد سونا غائب ہے، سونے کی مالیت50لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔متاثرہ شہری کا مزید کہنا ہے کہ5سال بعد لاکرز دیکھنے گیا تو لاکر سے سونا غائب تھا، صرف چند زیورات موجود تھے، اس کا کہنا تھا کہ فیروز آباد پولیس اسٹیشن میں واقعے کا مقدمہ درج کرادیا ہے تاہم تفتیشی پولیس کے اقدامات سے مطمئن نہیں ہوں، نوٹس لے کر معاملہ کو حل کیا جائے۔