گلیڈی ایٹرز نے زلمی کو پچھاڑ دیا، فائنل کا ٹکٹ مل گیا

March 14, 2019 12:23 pm0 commentsViews: 1

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ کے 187 رنز کے تعاقب میں پشاور کی ٹیم 7 وکٹوں پر 176 رنز پر ڈھیر ہوگئی
سنسنی خیز مقابلے میں کپتان سیمی اور پولارڈ نے دھواں دھار بیٹنگ کی ، دونوں بالترتیب 46 اور 44 رنز بنا کر نمایاں رہے
کراچی (اسپورٹس ڈیسک) پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو 10 رنز سے شکست دے کر فائنل کا ٹکٹ کٹا لیا۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ کے 187 رنز کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم 7 وکٹوں پر 176 رنز بنا سکی۔ 90 پر نصف ٹیم پویلین لوٹ جانے کے بعد بظاہر گلیڈی ایٹرز کی کامیابی آسان دکھائی دے رہی تھی لیکن اس موقع پر کپتان سیمی اور پولارڈ نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 83 رنز کی پارٹنر شپ قائم کرکے جیت کی امید پیدا کی۔ آخری اوور میں جب زلمی کو 21 رنز درکار تھے تو ایک سال بعد ٹی ٹوئنٹی میں پہلا اوور کرانے والے شین واٹسن نے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے نہ صرف خطرناک بیٹسمین پولارڈ کو بولڈ کیا بلکہ صرف 10 رنز دے کر ٹیم کو فتح دلا دی۔ ڈیرن سیمی 46 اور پولارڈ 44 رنز بنا کر نمایاں رہے، ان کے سوا کوئی بیٹسمین خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا۔ کامران اکمل 22، امام الحق 23، صہیب مقصود 7، مصباح الحق 18 اور ڈائوسن 5 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ وہاب ریاض صفر اور حسن علی 3 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین نے 2، محمد نواز، احسن علی، روسو اور شین واٹسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیتا اور فیلڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی کوئٹہ کے لیے آغاز اچھا نہ رہا اور صرف 3 رنز پر اس کی پہلی وکٹ احمد شہزاد کی صورت میں گری جو ایک رن بنا کر بولڈ ہوگئے۔ پارٹنر شپ ٹوٹنے کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوا اور رنز کی رفتار کم ہوگئی تاہم گلیڈی ایٹرز نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 186 رنز بنالیے جو کہ فائٹنگ ٹوٹل ہے۔ احسن علی 46، روسو 11، عمر اکمل 22 اور سرفراز احمد 12 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ برائوو 12 اور محمد نواز 2 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔