ملک بھر میں ٗ رئیل اسٹیٹ کے ٹیکس نادہندگان کیخلاف کریک ڈائون کا فیصلہ

March 14, 2019 12:23 pm0 commentsViews: 3

ایف بی آر نے ٹیکس دائر ہ وسیع کرنے اور آمدنی میں اضافہ کرنے کیلئے منظم مہم چلانے کی حکمت عملی مرتب کرلی
بلڈرز نے کبھی ٹیکس دینے سے انکار نہیں کیا ٗ ایف بی آر کے نوٹس اجراء سے کاروباری ماحول خراب ہوگا ٗ چیئرمین آباد
کراچی (کامرس رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس دائرہ وسیع کرنے اور ٹیکس آمدنی میں اضافہ کرنے کے لیے ملک بھر کے 2ہزار سے زائد رئیل اسٹیٹ بلڈرز، ڈیولپرز اور ایجنٹس کے خلاف کریک ڈائون کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر کے ٹیکس دائرہ وسیع کرنے کے ڈپارٹمنٹ بی ٹی بی نے رئیل اسٹیٹ کمپنیوں خصوصاً صوبہ سندھ کی کمپنیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سخت کارروائی سے بچنے کے لیے جلد ازجلد ٹیکس گوشوارے داخل کروا کے قومی خزانے میں واجب الادا ٹیکس جمع کرائیں۔ بی ٹی بی نے رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو خبردار کیا ہے کہ ٹیکس نوٹسز وصول کرنے والی کمپنیوں کو شدید مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے اور دوسرے مرحلے میں ان کے بینک کھاتے منجمد کیے جاسکتے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ بی ٹی بی زون کراچی نے رئیل اسٹیٹ کے ٹیکس نادہندگان کے خلاف منظم مہم چلانے کی حکمت عملی مرتب کرلی ہے اور اس سلسلے میں چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس 2 کراچی کی ہدایات کے تحت اقدامات کیے جائیں گے۔ ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے چیئرمین محمد حسن بخشی کا کہنا تھا کہ بلڈرز نے کبھی ٹیکس دینے سے انکار نہیں کیا تاہم ایف بی آر کی طرف سے نوٹسز کے اجرا سے کاروباری ماحول خراب ہوگا۔