یوم پاکستان 23مارچ بھرپور طریقے سے منایا جائیگا ٗ پاک فوج

March 14, 2019 12:24 pm0 commentsViews: 9

اس مرتبہ پریڈ میں سعودی عرب اور آذر بائیجان کے فوجی دستے بھی مارچ پاسٹ کرینگے ٗ ڈی جی آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر نے یوم پاکستان کی مناسبت سے خصوصی ملی نغمے پاکستان زندہ با د کا پرومو جاری کردیا
اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے یوم پاکستان کی مناسبت سے بنائے گئے خصوصی ملّی نغمے پاکستان زندہ باد کا پرومو جاری کر دیا۔ ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے یوم پاکستان کے لیے تیار کیے گئے خصوصی ملّی نغمے ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کا پرومو ٹوئٹر پر شیئر کیا اور یوم پاکستان کی تقریب ’پاک ڈے پریڈ‘ کے حوالے سے آگاہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ 23 مارچ کو ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد، آذربائیجان کے وزیر دفاع کرنل جنرل ذاکر حسینوف، بحرین کے آرمی فورس کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ الخلیفہ سمیت اومان کے سرکاری اعلیٰ حکام مہمان خصوصی ہوں گے اور ترکی کے ایف 16 اور چین کے جنگی لڑاکا طیارے J-10 یوم پاکستان پریڈ میں اپنا شاندار کرتب دکھائیں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ 23 مارچ کو یوم پاکستان بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا اور اس مرتبہ یوم پاکستان پریڈ میں سعودی عرب اور آذربائیجان کے فوجی دستے مارچ پاسٹ کریں گے۔