کراچی کی 2 حصوں میں تقسیم قبول نہیں حافظ نعیم

March 14, 2019 12:24 pm0 commentsViews: 9

سندھ حکومت کی جانب سے تقسیم کی کوششیں شہر کے عوام کے مفادات کے خلاف ہیں
ایم کیو ایم کی نااہلی کے باعث پی پی کو یہ ہمت ہوئی ہے، امیر جماعت اسلامی کراچی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے سندھ حکومت کی جانب سے کراچی کو 2 حصوں (ڈویژن) میں تقسیم کرنے اور اضلاع کی تعداد 6 سے بڑھا کر 9 کرنے کے حوالے سے بعض اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کی 2 حصوں میں تقسیم کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہوگی۔ تقسیم کی کوششیں کراچی کے عوام کے مفادات کے بھی خلاف ہیں جس سے مسائل حل ہونے کے بجائے مزید بڑھیں گے۔ کراچی میں 30 سال سے زائد عرصے تک ایم کیو ایم کسی نہ کسی طور پر کراچی میں حکمراں رہی یہ ایم کیو ایم کی نااہلی ہی ہے کہ جس کے باعث پیپلز پارٹی کو یہ ہمت ہوئی کہ وہ کراچی کو تقسیم کرنے کی بات کر رہی ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ کراچی منی پاکستان اور ملک کا سب سے بڑا شہر ہے، کراچی ملک کی اقتصادی شہ رگ ہے لیکن آج تک اس شہر کو میٹروپولیٹن اختیارات نہیں دیے گئے۔ ایم کیو ایم شہر سے بھاری مینڈیٹ لینے کے باوجود شہر کے لیے کچھ نہیں کر سکی۔