ابراہیم حیدری گتہ فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی سے لاکھوں کا نقصان

March 14, 2019 12:25 pm0 commentsViews: 6

فیکٹری میں موجود سامان اور مشینیں جل گئیں، فائر بریگیڈ نے آگ بھجانے کیلئے واٹر بورڈ سے ٹینکر منگوالیے
دھوئیں اور شعلوں سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، علاقہ مکین گھروں سے باہر نکل آئے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ابراہیم حیدری کے علاقے میں واقع گتہ بنانے والی فیکٹری میں خوفناک آگ لگنے سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان اور مشینیں جل گئیں، آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، رات گئے آگ پر قابو پا لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ابراہیم حیدری کے علاقے کورنگی سیکٹر 51/C سوکوارٹرز مچھلی موڑ کے قریب واقع گتہ بنانے والی فیکٹری میں بدھ کی شب تقریباً 11 بجے اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے دھوئیں اور شعلوں سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور علاقہ مکین گھروں سے باہر نکل آئے، آگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کر دی تاہم بڑی تعداد میں گتہ ہونے کی وجہ سے آگ قابو ہونے کے بجائے مزید پھیل گئی جس پر حکام نے فوری طور پر مزید گاڑیوں کو بھی طلب کرلیا جبکہ پانی کی وافر مقدار میں فراہمی کے لیے بائوزر کو بھی موقع پر بھیج دیا تھا اور واٹربورڈ سے رابطہ کرکے ٹینکر منگوائے گئے جس پر 5 بڑے ٹینکر موقع پر پہنچ گئے۔ آخری اطلاعات کے مطابق آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔