ارکان پنجاب اسمبلی کی مراعات: وزیر اعظم برہم‘ اظہار مایوسی

March 14, 2019 2:52 pm0 commentsViews: 6

اسلام آباد: پنجاب اسمبلی میں ارکان کی تنخواہوں اور مراعات میں غیر معمولی اضافے پر وزیر اعظم عمران خان نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مایوس کن قرار دے دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق عمران خان نے ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں پنجاب اسمبلی کے حالیہ فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی جانب سے اراکین اسمبلی، وزرا اور خصوصاً وزیراعلیٰ کی تنخواہوں و مراعات میں اضافے کا فیصلہ سخت مایوس کن ہے۔ پاکستان خوشحال ہوجائے تو شاید یہ قابلِ فہم ہو مگر ایسے میں جب عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھی وسائل دستیاب نہیں، یہ فیصلہ بالکل بلاجواز ہے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کی رہنما اور وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے بھی پنجاب اسمبلی کے اس فیصلے پر افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے شرمناک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے قانون براہ راست پی ٹی آئی حکومت کی کفایت شعاری پالیسی کی خلاف ورزی کررہے ہیں، ان نازک معاشی حالات میں یہ رویہ شرمناک ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب عوامی نمائندگان ترمیمی بل 2019ء تحریکِ انصاف کے رکن غضنفرعباس چھینہ نے صوبائی اسمبلی میں پیش کیا تھا جس کی منظوری قائمہ کمیٹی برائے قانون نے دی اور یوں بل 24 گھنٹے کے اندر منظور بھی ہوگیا،جس تحت ارکانِ اسمبلی کی تنخواہ اور مراعات 83 ہزار ماہانہ سے بڑھ کر ایک لاکھ 92 ہزار روپے ہوگئی جبکہ بنیادی تنخواہ 18 ہزار سے بڑھا کر 80 ہزارروپے ماہانہ، ڈیلی الاؤنس 1 ہزار سے بڑھا کر 4 ہزار، ہاؤس رینٹ 29 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار، یوٹیلیٹی الاؤنس 6 ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار روپے اور مہمان داری الاؤنس 10 ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار روپے کردیا گیا۔ علاوہ ازیں میڈیا رپورٹس کے مطابق بل میں سابق ارکان اسمبلی کو بھی طبی مراعات دی گئی ہیں۔