’’نوجوان پرچم تھامے رکھیں‘ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کر سکتی‘‘

March 14, 2019 3:41 pm0 commentsViews: 9

کراچی: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے جامعہ کراچی میں ’پاکستانیت کانفرنس‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مارچ ہی کے مہینے میں فیصلہ ہوا تھا کہ پاکستان بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم دنیا کی منفرد قوم ہے۔ ہم 70 برس پہلے قوم بنے ہیں جبکہ ہماری تہذیب ہزاروں برس پرانی ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں پرعزم انداز میں کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کر سکتی۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق جنرل زبیر محمود حیات کا خطاب میں مزید کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کہ پاکستان ہمیشہ مسلمان ملک رہے گا اور یہ ملک سب کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمان مشکلات کا شکار ہیں، جہاں مسلمانوں کی املاک جلائی جا رہی ہیں۔ ہمارے اوپر سچ اور جھوٹ کی یلغار ہے۔ آج کل سوشل میڈیا کا دور ہے، اس لیے نیشنل ازم کو ابھارنے کی ضرورت ہے۔ سوشل میڈیا کے ذریعے سے جھوٹ بھی سچ کے ساتھ ملا دیا جاتا ہے ، نوجوانوں کو گمراہ کردیا گیا ہے تاہم نوجوانوں نے پاکستان کا پرچم تھامے رکھنا ہے ۔