مصطفی کمال کے خلاف کرپشن ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ

March 14, 2019 3:51 pm0 commentsViews: 11

کراچی: قومی احتساب بیورو نے پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین اور سابق ناظم کراچی مصطفی کمال کے خلاف کرپشن ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق نیب کی جانب سے مصطفی کمال کے خلاف ساڑھے 5 ہزار مربع گز زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کا رنفرنس دائر کیا جائے گا جبکہ سندھ ہائی کورٹ نے نیب سے 2 مئی کو ریفرنس کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ احمد علی شیخ کی سربراہی میں جسٹس عمر سیال پر مشتمل بینچ کے روبرو ساحل سمندر پر ساڑھے 5 ہزار مربع گز زمین کی غیرقانونی الاٹمنٹ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ ڈی جی ایس بی سی اے افتخار قائمخانی، ممتاز حیدر، نذیر زرداری اور دیگر ملزمان نے درخواست ضمانت دائر کی۔ اس موقع پر نیب نے عدالت کو سابق سٹی ناظم مصطفی کمال سمیت 11 ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے فیصلے سے آگاہ کردیا۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف انکوائری مکمل کرلی ہے اور ریفرنس دائر کرنے کے لیے معاملہ نیب ہیڈکوارٹر ارسال کردیا ہے۔ عدالت نے نیب سے 2 مئی کو ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نیب کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف انکوائری جاری ہے ، 1980ء میں ہاکرز اور دکانداروں کو لیز پر زمین دی گئی تھی، 2005ء میں ساری زمین ڈی جے بلڈرز نے لیز پر حاصل کرلی،جس کے بعد سابق سٹی ناظم مصطفی کمال نے بلڈر کو کثیرالمنزلہ عمارت تعمیر کرنے کی غیر قانونی اجازت دی۔ کیس میں مصطفی کمال کو ملزم نامزد کیا گیا ہے اور ان کا بیان بھی ریکارڈ کرلیا ہے ۔