پاکستان کی نیوزی لینڈ میں دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت

March 15, 2019 11:20 am0 commentsViews: 4

اسلام آباد: نیوزی لینڈ میں مساجد پر حملوں اور درجنوں افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر پاکستان کی جانب سے افسوس کا اظاہر کرتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کرائسٹ چرچ کی مسجد پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کو المناک دہشت گردی کا حملہ قرار دیا ہے ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے حملے میں معصوم قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ پاکستانی ہائی کمشنر مقامی انتظامیہ سے رابطے میں ہیں اور ہائی کمیشن سے حملے کی معلومات حاصل کر رہے ہیں۔ دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے اپنے ٹویٹر بیان میں کہا کہ کرائسٹ چرچ کی 2 مساجد میں فائرنگ کی خبر سن کر دھچکا لگا۔ پاکستانی قوم کی دعائیں نیوزی لینڈ اور بنگلادیشی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ ہیں جو حملے میں محفوظ رہے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو بھی چند برس پہلے اسی قسم کی صورتحال کا سامنا تھا اور ہم اس مشکل وقت کی تکلیف محسوس کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی 2 مساجد میں فائرنگ کے نتیجے میں درجنوں افراد کے جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ فائرنگ سے متاثرہ ایک مسجد میں بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی موجود تھے تاہم وہ حملے میں محفوظ رہے ۔