نواز شریف کا ضمانت سے پہلے اسپتال جانے سے انکار؟

March 16, 2019 1:08 pm0 commentsViews: 7

لاہور: ن لیگ کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے ضمانت ہونے سے پہلے علاج کی غرض سے اسپتال جانے سے انکار کردیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب فضیل اصغر نے بتایا ہے کہ نواز شریف نے طبی سہولتوں کی فراہمی سے متعلق ہمارے خط کا زبانی جواب دے دیا ہے۔ سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ وہ ضمانت سے قبل علاج کی غرض سے اسپتال نہیں جائیں گے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری کے مطابق نواز شریف کی اسپتال منتقلی کے لیے مختلف شخصیات کے ذریعے کوشش کی گئی۔ ان کے لیے اسپتال میں فل لوڈڈ ایمبولینس اور ڈاکٹر موجود رہتا ہے، ایمبولینس میں زندگی بچانے والی ادویات اور طبی سہولتیں موجود ہیں جبکہ نواز شریف کی بیرک میں ایک مشقتی کے علاوہ خصوصی گارڈ بھی تعینات کردیا گیاہے جو سابق وزیراعظم کی طبیعت سے متعلق جیل انتظامیہ کو آگاہ کرے گا۔