نیوزی لینڈ میں لاپتا پاکستانیوں کی فہرست جاری

March 16, 2019 1:44 pm0 commentsViews: 3

اسلام آباد: نیوزی لینڈ میں دہشت گردی کے واقعے کے بعد لاپتا پاکستانیوں کے حوالے سے دفتر خارجہ نے ایک فہرست جاری کی ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے 9 پاکستانیوں کی فہرست اپنے ایک ٹویٹ میں جاری کی ہے جس میں انہوں نے بتایا ہے کہ دہشت گردی کے واقعے کے بعد سے ذیشان رضا اپنے والد اور والدہ سمیت لاپتا ہیں، ان کے علاوہ ہارون محمود، سہیل شاہد، سید ارب احمد اور سید جہاں داد علی بھی لاپتا افراد میں شامل ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایبٹ آباد کے رہائشی نعیم رشید اور طلحٰہ نعیم بھی لاپتا ہیں اور اس حوالے سے نیوزی لینڈ میں پاکستانی ہائی کمیشن مزید تفصیلات جمع کررہا ہے۔ ترجمان کے مطابق دہشت گردی کے واقعے میں ایک زخمی پاکستانی شہری کی شناخت محمد امین کے نام سے ہوئی جو حافظ آباد کے رہائشی ہیں جبکہ محمد امین تشویشناک حالت میں آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز آسٹریلوی دہشت گرد برینٹن ٹیرینٹ نے کرائسٹ چرچ کی 2 مساجد میں نماز جمعہ کے دوران گھس کر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 50 افراد جاں بحق اور کئی دیگر زخمی ہوئے ۔