سورھیہ بادشاہ نے ملک کی آزادی کیلئے جان دی ٗ سردار عبدالرحیم

March 21, 2019 12:40 pm0 commentsViews: 8

پیر صبغت اﷲشاہ راشدی کے یوم شہادت پر تعطیل کے حوالے سے منظور کی گئی قرار داد پر عمل کیا جائیگا
بلاول بھٹو نے اپنی پریس کانفرنس میں بلیک میلنگ کی کوشش کی ٗ برسی کی تقریب سے مقررین کا خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکرٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ سورھیہ بادشاہ کے یوم شہادت پر عام تعطیل کے حوالے سے منظور کی گئی قرارداد پرعمل کیا جائے، ہم ان کے مشن کو جاری رکھیں گے۔ ایم کیو ایم کے رہنما کنور نوید جمیل نے کہاکہ ملک کی آزادی کے لیے سورھیہ بادشاہ پیر صبغت اللہ شاہ راشدی نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ بلاول بھٹو نے اپنی پریس کانفرنس میں بلیک میلنگ کی کوشش کی، پیپلز پارٹی وہ جماعت ہے جہاں کرپشن قانونی ہے۔ فنکشنل لیگ کی رکن سندھ اسمبلی نصرت سحر عباسی نے کہاکہ حُر کبھی پیٹھ پر گولی نہیں کھاتا، موجودہ وزیراعلیٰ سندھ کو میں سی ایم نہیں مانتی۔ مراد علی شاہ، بلاول بھٹو اور آصف زرداری کا وزیراعلیٰ ہے۔ سورھیہ بادشاہ نے تاریخ میں انقلاب برپا کیا اور اس وقت کی سپر پاور کو للکارا۔ پی ٹی آئی کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہاکہ سورھیہ بادشاہ عظیم لیڈر تھے، انہوں نے انگریزوں کا مقابلہ کیا آج پاکستان کھپے کا نعرہ لگانے والے کہتے ہیں کہ ہم نے بڑا احسان کر دیا، تم لوگوں کا کرپشن کارڈ چل گیا۔ ان خیالات کا اظہار ان رہنمائوں نے بدھ کی شب آرٹس کونسل میں پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے تحت منعقدہ پیر صبغت اللہ شاہ المعروف شہید سورھیہ بادشاہ کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔