شریف اور زرداری خاندانوں کی سیاست ختم ہوچکی‘ فواد چودھری

March 21, 2019 3:08 pm0 commentsViews: 6

جہلم: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں پورا ملک نیچے کی طرف جا رہا تھا جبکہ دو خاندان اوپر کی جانب گامزن تھے، تاہم اب دونوں خاندانوں کا ملک کے سیاسی مستقبل میں کوئی حصہ نہیں۔ حال کی طرح ان کا مستقبل بھی تاریک ہے۔

جہلم میں شجرکاری مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مریم بی بی سمیت شریف خاندان کو اس بات پر غصہ ہے کہ لندن میں سیل لگ گئی ہے اور یہ لوگ ملک سے باہر نہیں جا پا رہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں خاندانوں کے دو سپوتوں کو شوق پورا کرلینے دیں، چند ماہ میں پتا چل جائے گا کہ ان کی سیاست ختم ہو چکی ہے۔ فواد چودھری نے مزید کہا کہ حکومت نے 40 سالہ پالیسی کو تبدیل کرکے شدت پسندی کے خلاف کریک ڈاؤن کیا ہے۔پاکستان کی سرزمین پر کسی کو حکومت اور ریاست کی مرضی کے بغیر کسی کے خلاف سازشیں کرنے اور گزند پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سیاسی و عسکری قیادت میں مکمل اتفاق رائے ہے اور ایک سمت میں سوچ رہی ہے۔ پاکستان کو ماڈرن ملک کے طور پر آگے لے جانا چاہتے ہیں۔