وفاقی کابینہ نے آئی پی ایل نشریات پر پابندی عائد کر دی

April 3, 2019 12:15 pm0 commentsViews: 10

اب تک 33 اجلاس ہو چکے ہیں جن میں 607 فیصلے کیے گئے‘ فواد چوہدری
غربت کے خاتمے کی وزارت قائم کرنے کی منظوری‘ وزیر اطلاعات کی میڈیا بریفنگ
اسلام آباد (اسپورٹس ڈیسک) وفاقی کابینہ نے انڈین پریمیئر لیگ کی پاکستان میں نشریات پر پابندی عائد کرنے اور غربت کے خاتمے کی وزارت قائم کرنے کی منظوری دے دی۔ وزیر اطلاعات فواد چودھری نے بتایا ہے کہ وفاقی کابینہ کے اب تک 33 اجلاس ہو چکے ہیں جن میں 607 فیصلے کیے گئے۔میڈیا بریفنگ میں وزیر اطلاعات فواد چودھری نے بتایا کہ کابینہ کے فیصلوں پر 90 روز میں عملدرآمد کیا جاتا ہے۔ اجلاس میں کابینہ نے قبائلی علاقوں کو 57.3 ارب روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔کابینہ نے ائر مارشل ارشد ملک کو پی آئی اے کا سی ای او جبکہ شمس الدین شیخ کو پاکستان معدنی ترقیاتی کارپوریشن کا چیئرمین مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔قمر جاوید شریف کو چیئرمین او جی ڈی سی ایل، دلاور عباس کو چیئرمین سوئی نادرن بورڈ اور شمشاد اختر کو چیئر پرسن سوئی سدرن بورڈ تعینات کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔