فیس بک پر خواتین کو ہراساں کرنے کی شکایات میں اضافہ

April 9, 2019 2:01 pm0 commentsViews: 3

FIAسائبر کرائم سیل سوشل میڈیا پر کرائم کی شرح میں اضافہ روکنے میں ناکام
سائبر کرائم ونگ کے اہم افسران آئی ٹی کے شعبے سے نابلد ہیں ٗ ذرائع کا انکشاف
کراچی(کرائم ڈیسک) سوشل میڈیا پر خواتین کو ہراساں کرنے کی شکایات میں اضافہ ہو اہے۔ ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کراچی کے ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالغفار نے بتایا کہ زیادہ تر شکایات سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک سے متعلق ہوتی ہیں جبکہ تقریباً70 فیصد شکایات ہراساں کرنے کی ہیں اور ان میں نوے فیصد شکایات خواتین کی ہیں۔ گزشتہ سال ایف آئی اے کو ہراساں کرنے کی4ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئیں اور رواں سال کے پہلے تین ماہ کے دوران15سو سے زائد وکایات مل چکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زیادہ تر شکایات کرنے والے خاندان یا متاثرہ فریق کو معاملے کو عدالت میں لے جانے سے پہلے ہی ختم کردیتے ہیں اور اس کی بنیادی وجہ وہ معاشرے میں اپنی اور اپنے خاندان کی ساکھ خراب نہیں کرنا چاہتے۔ سائبر کرائم سرکل میں موجود ایک متاثرہ لڑکی نے بتایا کہ اس کے سابق دوست نے فیس بک پر اس کی قابل اعتراض تصاویر اپ لوڈ کردی تھیں جس پر ا س نے نیند کی گولیاں کھا کر خودکشی کی کوشش کی۔ اس نے اپنے خاندان کو اعتماد میں لے کر ایف آئی سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا۔ سائبر کرائم سیل کے ٹیکنیکل اہلکار نے بتایا سائبر کرائم کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے تاہم ایف آئی اے سائبر کرائم سیل انسانی اور مالی وسائل مکمل طور پر محروم دکھائی دیتا ہے۔ پولیس افسران سائبر کرائم ونگ کے اہم انتظامی عہدوں پر فائز ہیں جبکہ ان میں بڑی تعداد آئی ٹی کے شعبے سے نابلد ہے۔ تربیتی کورسز کیلئے سائبر ماہرین کے بجائے انتظامی افسران کو سرکاری خرچ پر بیرون ملک بھیج دیا جاتا ہے۔