ابراج گروپ کے بانی عارف نقوی لندن میں گرفتار

April 13, 2019 1:27 pm0 commentsViews: 7

عارف نقوی پرہیلتھ فنڈ میں خرد برد اور سرمایہ کاروں کو دھوکہ دہی کا الزام ہے
فراڈ کیے گئے متاثرین میں بل گیٹس فاؤنڈیشن بھی شامل ہے‘میڈیا ذرائع
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ابراج گروپ کے بانی اور سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر عارف نقوی کو لندن میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق انہیں ممکنہ طور پر امریکا منتقل کیا جائے گا۔ عارف نقوی پر ہیلتھ فنڈ میں خرد برد اور سرمایہ کاروں کو دھوکہ دہی کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ فراڈ کیے گئے متاثرین میں بل گیٹس فاؤنڈیشن بھی شامل ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عارف نقوی پر میاں شہباز شریف کو کراچی الیکٹرک کے لیے دو کروڑ ڈالر کی رشوت دینے سے متعلق خبریں بھی آتی رہی ہیں لیکن ان کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ذرائع کے مطابق عارف نقوی نے کسی بھی غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے سے انکار کیا ہے اور ہر قسم کے الزمات مسترد کیے ہیں۔عارف نقوی کے شراکت دار مصطفی عبدالودود کو جمعرات کو نیویارک میں گرفتار کیا گیا تھا۔ خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق عارف نقوی کے وکیل نے ابھی تک ان کی ضمانت کے لیے درخواست دائر نہیں کی ہے۔رائٹرز نے بتایا کہ امریکی پرسیکیواٹر کے مطابق ملزمان نے سرمایہ کاروں کے کروڑوں روپوں میں خرد برد کی تاہم عارف نقوی اور عبدالودود نے 2014 تک ادارے کی کارکردگی کے بارے میں جھوٹ بولا۔رائٹرز کے مطابق ابراج گروپ مشرق وسطی اور شمالی افریقہ کا سب سے بڑا ایکویٹی فنڈ تھا تاہم 2018 کے وسط میں بل گیٹس فاؤنڈیشن اور دیگر سرمایہ کاروں نے اس کی انتظامیہ سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا جس کے بعد اس کا تباہی شروع ہوئی۔