آلات کی عدم دستیابی‘ دِل کے آپریشن روک دیے گئے

April 13, 2019 2:13 pm0 commentsViews: 7

پشاور: لیڈی ریڈنگ اسپتال میں آپریشن کرنے کے آلات میسر نہ ہونے کے باعث اسپتال انتظامیہ نے مریضوں کے دل کی سرجریاں روک دیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق لیڈی ریڈنگ اسپتال کے سینئر ڈاکٹرز کی جانب سے اسپتال انتظامیہ کو خط کے ذریعے آگاہ کیا گیا کہ شعبہ امراض قلب میں موجود مشینیں خراب ہوچکی ہیں اور جراحی آلات بھی میسر نہیں تاہم دل کے آپریشنز کے لیے جراحی آلات فراہم کیے جائیں۔

میڈیا ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز کے خط کا جواب دیتے ہوئے اسپتال انتظامیہ نے آلات کے مطالبے پر آپریشن روک دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ مریضوں کی جان کی حفاظت کے لیے فی الحال آپریشنز نہ کیےجائیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق ترجمان ایل آر ایچ عاصم خان نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پابندی کا مقصد مریضوں کی زندگی کی حفاظت یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قلب کے شعبہ کے لیے ضروری آلات کا جائزہ لے رہے ہیں لہذا ضروری مشینری اور آلات جلد فراہم کر دی جائیں گی۔ قلب کے آپریشن میں پابندی کے باعث ماہانہ 15 سے 18 مریض متاثر ہوں گے۔