اہم شخصیات سے ملاقاتیں شہباز شریف کو لندن میں اہم دستاویزات مل گئیں

April 15, 2019 11:38 am0 commentsViews: 6

پاکستانی شخص نے گھر اور ریسٹورنٹ میں دستاویزات پہنچائیں
شہباز شریف کے اپنی اہلیہ، بیٹیوں اور بیٹے سے رابطے
لندن (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی) سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے لندن کے نجی ہوٹل میں مختلف شخصیات سے ملاقاتیں کی ہیں جن میں انہوں نے کچھ اہم دستاویزات کا بھی تبادلہ کیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق لندن میں 40 سالہ پاکستانی شخص نے شہباز شریف کو گھر اور ریسٹورنٹ میں دستاویزات پہنچائیں، شہباز شریف نے 58 سالہ معروف قانون دان سے بھی ملاقات کی، اس دوران جب صحافیوں کو معلوم ہوا تو شہباز شریف انہیں دیکھ کر بھاگنے لگے۔ دریں اثناء نواز لیگ کے صدر شہباز شریف نے اہلیہ نصرت شہباز، حمزہ شہباز اور بیٹیوں سے الگ الگ رابطے کیے ہیں جس میں نیب کیسز، ای سی ایل میں نام ڈالنے اور احتسابی عمل پر مشاورت کی گئی۔ مزید براں نیب لاہور کی جانب سے سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف کی اہلیہ اور صاحبزادیوں کو طلبی کے نوٹسز کے بعد شریف فیملی نے وکلاء سے مشاورت شروع کردی۔ ذرائع کے مطابق شریف فیملی کے افراد اور وکلا کے درمیان نیب کے نوٹسز کے اجراء پر تفصیلی نشست ہوئی جس میں تمام قانونی پہلوئوں پر غور کیا گیا۔