ون ویلنگ کرنیوالے منچلے نے کمسن بچہ کی جان لے لی، 4 زخمی

April 15, 2019 11:39 am0 commentsViews: 6

معمر موٹر سائیکل سوار پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے زخمی
سی ویو پر پولیس نے کم عمر رائیڈر محمد احمد کو گرفتار کرکے موٹر سائیکل قبضے میں لے لی
لائنز ایریا میں محمد طارق پتنگ کی ڈور پھرنے سے زخمی، حالت خطرے سے باہر ہے، پولیس
کراچی (کرائم رپورٹر) سی ویو پر ون ویلنگ کرنے والا ایک منچلا فٹ پاتھ پر بیٹھے ہوئے افراد میں جاگھسا جس کے نتیجے میں کمسن بچہ جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے کمر عمر رائیڈر کو گرفتار کرکے موٹر سائیکل قبضے میں لے لی۔ دوسری جانب لائنزایریا میں موٹر سائیکل سوار پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال پہنچایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ساحل کے علاقے سی ویو پر منچلے موٹر سائیکلوں پر ون ویلنگ اور ریس لگا رہے تھے اس دوران تیز رفتار ایک موٹر سائیکل فٹ پاتھ پر بیٹھے ہوئے لوگوں میں گھس گیا، جس کے نتیجے میں کمسن بچے سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں 5 سالہ سنی ولد بازترین دم توڑ گیا، پولیس نے حادثے کے ذمہ دار 15 سالہ محمد احمد کو رفتار کر کے موٹر سائیکل قبضے میں کرلی، پولیس کے مطابق متوفی اپنی فیملی کے ساتھ آیا ہوا تھا اور لیاری کا رہائشی تھا اور اس کا والد ڈرائیور ہے۔ علاوہ ازیں لائنزایریا نزد نجی اسکول کے قریب پتنگ کی ڈور گلے پر پھر جانے کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار 65 سالہ محمد طارق ولد محمد اقبال لہولہان ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال پہنچایا گیا، ایس ایچ او ہمایوں احمد کے مطابق مضروب کی حالت اب خطرے سے باہر ہے مضروب کورنگی قیوم آباد کا رہائشی ہے اور موٹر سائیکل پر مذکورہ مقام سے گزر رہا تھا کہ کٹی پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے زخمی ہوا، جبکہ شہریوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب کی طرح سندھ میں بھی پتنگ بازی پر پابندی لگائی جائے۔