بھارتی سیاستدان کو پاکستانی نغمہ چرانا مہنگا پڑ گیا

April 15, 2019 11:51 am0 commentsViews: 1

بی جے پی رہنما نے پاک فوج کے ملی نغمہ ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کی کاپی کرلی
اسی طرح ہمارے سچ بولنے کی عادت کو بھی اپنائیں‘ترجمان پاک فوج
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت میں حکمران جماعت بی جے پی کے رہنماؤں کو زیادہ سے زیادہ ووٹوں کے حصول کے نئے نئے طریقے اپنانا مہنگا پڑ گیا۔بی جے پی رہنما نے پاک فوج کے ملی نغمہ ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کی کاپی کرلی۔بی جے پی کے مقامی رہنما راجا سنگھ نے ملی نغمے کی دھن چرا کر گانا ریکارڈ کرایا۔ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ راجا سنگھ نے ملی نغمے کی دھن چرا کر گانا ریکارڈ کرایا، تاہم مجھے خوشی ہوئی ہے کہ آپ نے ملی نغمے کی دھن نقل کی، جس طرح دھن نقل کی ہے اسی طرح ہمارے سچ بولنے کی عادت کو بھی اپنائیں۔بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے چوکیدار راجہ سنگھ نے اپنے آفیشل ٹوئٹر پیج پر ایک ویڈیو کلپ شئیر کیا جس میں وہ اپنے وطن سے محبت کا اظہارکررہے ہیں۔ اپنی طرف سے انہوں نے یہ گانا بھارتی فوج کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے گایا ہے۔بھارتی سیاستدان ابھی اپنے اس کارنامے پر واہ واہ بھی نہ سمیٹ سکے تھے کہ اس کا پول کھل گیا۔ یہ وہ نغمہ تھا جسے آئی ایس پی آر نے یوم پاکستان کے موقع پر جاری کیا تھا۔ ہر دل کی آواز کے عنوان سے اس نغمے کو ساحر علی بگا نے گایا تھا۔