بہت جلد عوام کیلئے فریئر ہال کو خوبصورت پارک بنائینگے میئر کراچی

April 15, 2019 12:00 pm0 commentsViews: 2

فوری طور پر کام شروع کردیا ہے، مخیر حضرات نے اس کی تعمیر نو میں دلچسپی ظاہر کی ہے
فریئر ہال کو پہلی مرتبہ کراچی کے عوام نے اون کیا ہے، تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو
کراچی(اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ بہت جلد کراچی کے عوام فریئر ہال کو بھی خوبصورت پارک کی صورت میں دیکھیں گے جس پر فوری طور پر کام شروع کردیا گیا ہے کراچی کے مخیر حضرات نے اس کی تعمیرنو اور تزئین و آرائش میں دلچسپی ظاہر کی ہے، مخیر حضرات نے ایمپریس مارکیٹ پارک اور نہر خیام کی تعمیر میں بھی دلچسپی لی ہے،فریئر ہال کو پہلی مرتبہ کراچی کے عوام نے اون کیا ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے فریئر ہال میں گارجین بورڈ کے زیراہتمام منعقدہ تقریب کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، میئر کراچی نے کہا کہ جب میں نے میئر کی حیثیت سے چارج سنبھالا تو محکموں کی طرح کراچی کے آئیکون پارکوں کا بھی برا حال تھا،فریئر ہال ،باغ ابن قاسم سے بھی بری حالت میں تھا، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے پاس وسائل نہیں تھے اس لئے اس پارک کی بحالی کے لئے شہر کے مخیر حضرات سے مدد حاصل کرنا پڑی، اس مقصد کے لئے شہر کی نامور شخصیات پر مشتمل گارجین بورڈ قائم کیا گیا جس میں میئر کراچی، میٹروپولیٹن کمشنر، متعلقہ محکموں کے افسران کے علاوہ معروف صحافی، صنعتکار، آرکیٹکچر، انجینئر اور دیگر لوگوں کو شامل کیا گیا، انہوں نے کہا کہ اس بورڈ کے قیام کی منظوری کے ایم سی کونسل سے حاصل کی گئی، میئر کراچی نے کہا کہ آج کی تقریب میں غیر ملکی سفیروں سمیت کثیر تعداد میں کراچی کے مخیر حضرات اور نامور افراد کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ کراچی کے مخیر حضرات نے اس تاریخی ورثہ کو اون کیا ہے۔