فساد چوہدری کبھی سیاستدان نہیں بن سکتے مرتضیٰ وہاب

April 15, 2019 12:21 pm0 commentsViews: 7

الزامات ملکی سیاست اور مہنگائی سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے، پریس کانفرنس پر ردعمل
کراچی (اسٹاف رپورٹر) مشیر اطلاعات سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فواد چوہدری نے اپنے عمل سے ثابت کر دیا ہے کہ وہ کبھی سیاستدان نہیں بن سکتے، آمروں کے کاسہ لیس پیپلز پارٹی کی قیادت کے خلاف من گھڑت الزامات عائد کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی کی قیادت پر ماضی میں بھی گھٹیا الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں، فساد چوہدری کے پاس ثبوت ہیں تو عدالت میں پیش کریں، الزامات عائد کرکے فواد چوہدری سستی شہرت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ مرتضیٰ وہاب نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی قیادت ہمیشہ عدلیہ میں سرخرو ہوئی ہے، پی ٹی آئی کا کوئی ایجنڈا ہے اور نہ ہی کوئی پالیسی، اس طرح کے الزامات ملکی سیاست اور بدترین مہنگائی سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے، انہوں نے سوال کیا کہ چوہدری صاحب 2 کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر کہاں ہیں؟ قوم آپ سے تمام یوٹرن کا حساب لے گی، علیمہ باجی کے این آر او کا ذکر کرتے آپ کی زبان کیوں بند ہو جاتی ہے، آپ کی طرز حکمرانی ملک میں انتشار پھیلانے کے سوا کچھ نہیں ہے۔