نیب اپوزیشن کی عزتوں کی دشمن بن گئی ہے ٗ میاں افتخار

April 15, 2019 12:28 pm0 commentsViews: 1

شہباز شریف کے بیٹے کے بعد اب بیٹی کے گھر پر چھاپہ انتہائی گھنائونا عمل ہے ٗ کراچی میں گفتگو
کراچی (اسٹاف رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان میں نیب کا ادارہ انتقام کے طور پر کام کر رہا ہے، احتساب کے نام پر انتقام کی پوری دنیا میں مثال نہیں ملتی، حالیہ دنوں کی کارروائیوں کے بعد اب بات انتقام سے دو قدم آگے بڑھ چکی ہے، مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر اور اپوزیشن لیڈر کے بیٹے کے بعد اب بیٹی کے گھر پر چھاپہ انتہائی گھنائونا عمل ہے، نیب اپوزیشن کی عزتوں کی دشمن بن گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کراچی میں عوامی نیشنل پارٹی کے انٹرا پارٹی الیکشن کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں انٹرا پارٹی الیکشن میں نومنتخب صوبائی کونسل نے متفقہ طور پر شاہی سید کو صدر، یونس بونیری کو جنرل سیکرٹری، بحرکمال ایڈوکیٹ سیکرٹری اطلاعات، شیرآفریدی کو جنرل سیکرٹری منتخب کرلیا۔ میاں افتخار نے کہاکہ نیب اور اس سے انتقامی کارروائیاں کروانے والے مکافات عمل کو بھی یاد رکھیں۔