سندھ کی بڑی بڑی شخصیات کا تحریک انصاف سے رابطہ

April 15, 2019 12:28 pm0 commentsViews: 13

صوبے کی بڑی جماعتوں کے بڑے بڑے نام جلد پی ٹی آئی میں شامل ہوں گے، خرم شیر زمان
بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کراچی سے کشمور تک کامیابی حاصل کرے گی، پریس کانفرنس
کراچی (اسٹاف رپورٹر) تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر خرم شیرزمان نے کہا ہے کہ سندھ کی بڑی بڑی شخصیات پی ٹی آئی سے رابطے میں ہیں، سندھ کی بڑی جماعتوں کے بڑے بڑے نام جلد پی ٹی آئی میں شامل ہوں گے، بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کراچی تا کشمور کامیابی حاصل کرے گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اتوار کو انصاف ہائوس میں آل پاکستان مسلم لیگ کے رہنمائوں کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اے پی ایم ایل کے مرکزی و صوبائی ذمہ داروں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا جس میں حسن نظامی، سردار اکبر، پیر میاں ربی، محمد علی شیرانی و دیگر شامل ہیں۔ خرم شیر زمان نے کہاکہ جن لوگوں نے ملک کا پیسہ لوٹا ہے وہ جیلوں میں جائیں گے، ہم ملک کا لوٹا ہوا پیسہ واپس لائیں گے جن لوگوں نے ملک کا یہ حال کیا ہے ان کا احتساب ضرور ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ کراچی کے عوام نے پی ٹی آئی کا ساتھ دیا ہے انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ خرم شیر زمان نے کہاکہ کراچی کا آئندہ میئر پی ٹی آئی کا ہوگا۔