’’راتوں رات امیری کا خواب دیکھنے والے جان لیں، کفن میں جیب نہیں ہوتی‘‘

April 17, 2019 5:50 pm0 commentsViews: 6

لاہور: نیب کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ شارٹ کٹ سےامیر ہونے والوں کو پتا ہونا چاہیے کہ کفن کی جیبیں نہیں ہوتی۔ نجی ٹی وی کے مطابق فیروز پور سٹی کے متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب نے اب تک 303 ارب روپے کرپٹ لوگوں سے وصول کیے اور 900 ارب کے 1210 ریفرنس احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔

چیئرمین نیب کا مزید کہنا تھا کہ ایک سال کے دوران مکمل پیشہ ورایت شفافیت، جذبہ اور میرٹ پر کام کیا اور ہم نے ڈبل شاہ کو سنگل شاہ بنا دیا۔ شارٹ کٹ سے امیر ہونے کا خواب دیکھنے والوں کو پتا ہونا چاہیے کہ کفن کی جیبیں نہیں ہوتی۔ چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے، ملک کی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں بہت بڑی رکاوٹ ہے، بعض ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے پاس زمین تک نہیں ہوتی مگر وہ ملی بھگت سے اربوں کی زمین فروخت کر دیتے ہیں، متعلقہ اداروں کو نجی ہاوسنگ سوسائٹی کے پرکشش اشتہاروں کا نوٹس لینا چاہیے۔