مولانا سمیع الحق کا قتل اندھا قرار‘ کیس داخل دفتر کردیا گیا

April 17, 2019 6:00 pm0 commentsViews: 6

راولپنڈی: جے یو آئی (س) کے مقتول سربراہ مولانا سمیع الحق قتل کیس کو تھانہ ایئرپورٹ پولیس نے اندھا قتل قرار دے کر داخل دفتر کر دیا ہے۔ نجی ٹی وی کی ویب سائٹ رپورٹ کے مطابق کیس میں 5ماہ سے پولیس کو کوئی کامیابی نہیں مل سکی۔ گزشتہ ماہ پولیس نے مقتول کے سیکرٹری احمد شاہ کو گرفتار کیا تھا مگر جسمانی ریمانڈ کے دوران کچھ بھی برآمد نہیں ہوسکا جس پر عدالت نے گرفتار ملزم کو ڈسچارج کر دیا۔

پولیس نے اس اندھے قتل کیس میں16 مختلف افراد کے مختلف ٹیسٹ فرانزک لیبارٹری بھجوائے تھے مگر ان سب کی رپورٹیں بھی منفی قرار پائی ہیں جس کے باعث یہ قتل کیس داخل دفتر کر دیا گیا ہے. ذرائع ابلاغ کے نجی ادارے ایکسپریس نیوز کے مطابق تاہم اعلیٰ سطح کی پولیس ٹیم اس کی انکوائری جاری رکھی گی۔ واضح رہے کہ نامعلوم ملزمان نے2نومبر2018 کو مولانا سمیع الحق کو ان کی راولپنڈی کی رہائش گاہ میں شہید کر دیا تھا۔