پشاور پولیو ڈرامے کے تمام کردار گرفتار ہوں گے‘ معاون خصوصی

April 23, 2019 1:18 pm0 commentsViews: 5

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے انسداد پولیو بابر عطا کا کہنا ہے کہ پشاور میں پولیو ڈرامے میں ملوث تمام ملزمان سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پشاور کے علاقے ماشوخیل میں گزشتہ روز پولیو کے قطروں سے بچوں کی طبیعت خراب ہونے کا ڈراما سامنے آیا جس کے بعد مشتعل افراد نے مرکز صحت کو آگ لگا دی تھی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے انسداد پولیو بابر بن عطا کا کہنا ہے کہ پولیو ڈرامے میں ملوث 12 افراد کے خلاف ایف آئی درج کرلی گئی ہے اور پولیس ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پولیس چیف سے مسلسل رابطے میں ہوں اور تمام صورتحال پر نظر ہے، انشاءاللہ ملزمان جلد سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔ واضح رہے کہ بچوں کے بیہوش ہونے کی ایک جعلی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں ایک شخص کو بچوں کو بیہوش ہونے کی ہدایت دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔