بلاول کے بعد ریحام کی عمران خان پر تنقید

April 23, 2019 2:07 pm0 commentsViews: 7

کراچی: وزیر اعظم عمران خان کی دورۂ ایران کے دوران کی گئی تقریر میں دوسری عالمی جنگ سے متعلق ریمارکس کے بعد سے سوشل میڈیا پر ایک نئی جنگ شروع ہو چکی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے سوشل میڈیا پر طنزیہ سوال کیا ہے کہ جرمنی اور جاپان کی سرحدیں ملتی ہیں؟ کیا ہم وزیر اعظم آفس کو چمڑے کی جیکٹوں کے بجائے نقشہ تحفے میں دے سکتے ہیں؟

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورۂ ایران کے دوران یورپی ملک جرمنی اور ایشیائی ملک جاپان کو ہمسایہ ممالک قرار دینے پر سیاست دانوں اور اہم شخصیات کے علاوہ دیگر کا سوشل میڈیا پر ردعمل سامنے آ رہا ہے ، ایران میں دیا گیا وزیر اعظم عمران خان کا یہ بیان ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے۔ اسی دوران پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعظم عمران خان پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ کتنی شرمندگی کی بات ہے کہ ہمارے وزیر اعظم سمجھتے ہیں کہ جرمنی اور جاپان کی سرحد آپس میں ملتی ہے۔ٹوئٹر پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب آکسفورڈ یونیورسٹی کرکٹ کھیلنے کی بنیاد پر داخلہ دے گی تو ایسا ہی ہو گا۔

وزیراعظم کے مشیر افتخار درانی نے انہیں جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ حادثاتی چیئرمین صاحب! عمران خان نے کہاں کہا کہ جرمنی اور جاپان ہمسائے ہیں؟ وزیراعظم نے کہاکہ دونوں ملکوں کے سرحدی علاقوں میں صنعتی زون بنائے گئے۔