منظور وسان کی عمران خان سے متعلق حیرت انگیز پیشگوئی

May 10, 2019 2:18 pm0 commentsViews: 36

کراچی: پیپلزپارٹی کے رہنما منظور وسان نے پیشگوئی کی ہےکہ عمران خان وزیراعظم کا عہدہ چھوڑ کر بھاگ جائیں گے کیونکہ کچھ قوتوں کی کوشش ہے کہ ٹیکنوکریٹ کے ذریعے حکومت چلائی جائے۔ نجی ٹی وی کے مطابق کراچی میں سندھ ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منظور وسان نے کہا کہ سندھ میں گورنر سے بیانات دلانا ملک کو توڑنے کی سازش ہے، عمران خان کے ذریعے ملک کو توڑنے کی سازش کی جاسکتی ہے۔

منظور وسان نے پیش گوئی کی کہ عمران خان پر آئی ایم ایف کا کنٹرول ہوگیا ہے، عید کے بعد ان کے لیے مزید مشکلات بڑھیں گی، عمران خان وزیراعظم کا عہدہ چھوڑ کر بھاگ جائیں گے کیونکہ کچھ قوتوں کی کوشش ہے کہ ٹیکنوکریٹ کے ذریعے حکومت چلائی جائے۔ پی پی رہنما کا کہنا تھاکہ نوازشریف الیکشن نہیں لڑیں گے بلکہ ان کی جگہ مریم نواز الیکشن میں حصہ لیں گی، ہوسکتا ہے میاں صاحب کو ایک دو ماہ میں عدالتوں سے ریلیف مل جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا فیصلہ عدالت کے ہاتھ میں ہے، اقامہ 2012ء میں لیا 2013ء میں فارم میں بھرا، چھپایا نہیں، 2015ء میں ختم کروایا، اقامے کی وجہ سے کوئی ٹرانزیکشن نہیں ہوئی اور میں الیکشن بھی نہ لڑسکا، اگر الزام لگایا گیا ہے تو نکال لیں پیسے، ہم احتساب سے نہیں ڈرتے۔ منظور وسان کاکہنا تھا کہ حکومت مشرف کو بھی تو واپس لائے انہیں کیوں نہیں لایا جارہا۔