17 مئی کو عدالت میں طلبی نیب گردی کے پیچھے کون ہے سب جانتے ہیں بلاول

May 15, 2019 11:33 am0 commentsViews: 2

تین نسلوں سے مقابلہ کررہے ہیں ڈرنے والے نہیں (پی پی چیئرمین) حکومت کی تمام تر توجہ سیاسی انتقام پر ہے،آصف زرداری
پارک لین کمپنی کیس میں بلاول کا بیان ریکارڈ ہوگا، عدالت نے حاضری کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے ہیں
کراچی (نیوز ایجنسیاں) قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی آفس نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پارک لین کمپنی کیس میں 17 مئی کو بیان ریکارڈ کروانے کے لیے طلب کر لیا۔ نیب کی جانب سے پیشی کا نوٹس بلاول بھٹو زرداری کو کراچی کے پتے پر بھیجا گیا، بلاول زرداری کو نیب اولڈ ہیڈ کوارٹرز بلڈنگ میں پیش ہونے اور اپنی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ نیب کی جانب سے پارک لین کمپنی کیس میں بلاول بھٹو زرداری کو سوالنامہ کا جواب ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی۔ بلاول زرداری پہلے بھی اس کیس میں نیب کے سامنے پیش ہو چکے ہیں تاہم انہوں نے ابھی تک نیب کی جانب سے فراہم کردہ سوالنامہ کا جواب جمع نہیں کروایا جس کی وجہ سے انہیں دوبارہ 17 مئی کو طلب کر لیا گیا ہے۔ بلاول بھٹو کی باقاعدہ طلبی کا سمن ان کی کراچی رہائش گاہ کے پتے پر جاری کر دیا گیا نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری پارک لین کمپنی میں 25 فیصد شیئرز ہولڈر ہیں اور اس کمپنی سے جعلی اکائونٹس میں ٹرانزیکشن ہوئی ہیں لہٰذا ان سے سوال کیا جانا ہے کہ ان کی کمپنی نے جعلی اکائونٹس میں کیسے ٹرانزیکشنز کیں۔ نیب ٹیم بلاول بھٹو زرداری سے پارک لین کمپنی کے حوالے سے مزید سوالات بھی کرے گی اور ان کا بیان بھی ریکارڈ کریں گی۔ واضح رہے کہ نیب کی جانب سے پی پی پی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کو بھی کل جمعرات کے روز ہریش کمپنی کیس میں طلب کر رکھا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ یہ جو نیب گردی ہے اس کے پیچھے ہم جانتے ہیں کون ہے۔ چیئرمین پی پی پی نے منگل کو اپنے ایک ٹیوٹر پیغام میں کہا ہے کہ تین نسلوں سے ہم ان کا مقابلہ کرتے آئے ہیں ہم اب نہیں رکنے والے۔ سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے حکومت کی تمام توجہ سیاسی انتقام پر ہے۔