٭٭٭کلفٹن میں پولیس کو بے وقوف بنانا نوجوان کو مہنگا پڑ گیا٭٭٭ عدالتی نمبر پلیٹ اور پاکستانی جھنڈا لگا کر گاڑی چلانے والا گرفتار

May 15, 2019 11:36 am0 commentsViews: 22

نہ میں وکیل ہوں نہ میرا تعلق عدالت سے ہے، پلازہ سے 1200 روپے میں یہ نیم پلیٹ خریدی، نوجوان
کراچی (این این آئی) اہم عدالتی نمبر پلیٹ اور پاکستانی جھنڈا لگا کر کلفٹن میں گاڑی چلانے والا نوجوان دھر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کلفٹن کے علاقے میں پولیس کو بے وقوف بنانا نوجوان کو مہنگا پڑ گیا، پولیس نے اسے گاڑی پر اہم عدالتی نمبر پلیٹ اور پاکستانی جھنڈا لگانے پر پکڑ لیا۔معلوم ہوا ہے کہ ایم اے جناح روڈ پر جعلی نیم پلیٹ اور جھنڈے چند روپوں میں بکنے لگے ہیں۔پولیس نے عبداللہ شاہ غازی مزار کے قریب کالے شیشوں والی کار کو رکنے کا اشارہ کیا تو کار چلانے والے نوجوان نے شیشہ اتار کر پولیس کو غصہ دکھایا اور گاڑی دوڑا دی۔تاہم بن قاسم پارک کے قریب پولیس نے گاڑی کو روک لیا، گاڑی پر اہم عدالتی نیم پلیٹ اور پاکستانی جھنڈا بھی لگا ہوا تھا۔نوجوان نے پکڑے جانے پر کہا کہ نہ میں وکیل ہوں نہ میرا تعلق عدالت سے ہے، جعلی نیم پلیٹ اس لیے لگائی کہ اس نیم پلیٹ کو دیکھ کر پولیس نہیں روکتی۔نوجوان کا کہنا تھا کہ اس نے پلازہ سے 1200 روپے میں یہ نیم پلیٹ خریدی۔