358 رنز بھی کم پڑ گئے انگلش بلے بازوں نے پاکستانی بالرز کا بھرکس نکال دیا

May 15, 2019 11:43 am0 commentsViews: 4

ہدف کے دفاع میں پاکستان کو تاریخ کی بدترین شکست، انگلینڈ نے باآسانی فتح حاصل کر لی
برسٹو کی دھواں دار اور شاندار سینچری کے باعث انگلینڈ نے 359 رنز کا ہدف باآسانی حاصل کر لیا
برسٹول (مانیٹرنگ ڈیسک) 358 رنز بھی کم پڑ گئے، ہدف کے دفاع میں پاکستان کو اپنی تاریخ کی سب سے بدترین شکست، انگلینڈ نے باآسانی فتح حاصل کر لی، برسٹو کی دھواں دار اور شاندار سینچری کے باعث انگلینڈ نے 359 رنز کا ہدف باآسانی حاصل کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کیلئے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے تیسرے ایک روزہ میچ میں 358 رنز بھی کم پڑ گئے۔انگلینڈ کے بلے بازوں کی جانب سے 359 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی باولرز کا بھرکس نکال دیا گیا۔ پاکستان کو ہدف کے دفاع میں سب سے بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انگلینڈ نے 359 رنز کا ہدف 45 ویں اوور میں باآسانی 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ انگلینڈ کی جانب سے بیرسٹو نے شاندار سینچری اسکور کرکے اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف، جنید خان اور عماد وسیم نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کے تیسرے مقابلے میں پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 359رنز کا ہدف دیا۔برسٹول میں کھیلے گئے میچ میں گرین شرٹس کے اوپنر پچھلے میچ کے مقابلے میں اس بار اچھا آغاز نہ دے سکے اور جلد ہی پہلی وکٹ گنوادی۔دوسرے ون ڈے میں شاندار سنچری بنانے والے فخرزمان آج لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور کرس ووکس کو وکٹ دے کر پویلین لوٹ گئے، وہ صرف 2 رنز ہی بناسکے۔بابر اعظم بھی صرف 15 رنز بناکر ووکس کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد امام الحق اور حارث سہیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور وکٹ گرنے کے سلسلے کو روکنے کے ساتھ ساتھ 68رنز کی شراکت داری قائم کی جس کے بعد حارث سہیل 41رنز بنا کر غیر ذمہ درانہ طریقے سے رن آئوٹ ہوئے ،کپتان سرفراز احمد پانچویں نمبر پر کھیلنے آئے اور 27 رنز بناکر پویلین لوٹے، اس کے بعد آصف علی اور امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور اسکور میں تیزی سے اضافہ کیا۔امام الحق نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنے کیرئیر کی چھٹی سنچری بنائی، انہوں نے اپنی اننگز میں ایک چھکا اور 14 چوکے لگائے جب کہ آصف علی نے بھی 40 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی،آصف علی52رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ امام الحق 151رنز کی عمدہ باری کھیلنے کے بعد پوویلین لوٹے، فہیم اشرف13رنز بنا کر کیرن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوئے،شاہین آفریدی 7رنز بنا کر آئوٹ ہوئے،حسن علی نے 1چوکے اور2چھکوں کی مدد سے 18رنز بنا کر ٹیم کا اسکور 358رنز تک پہنچایا۔